ٹورازم کارپوریشن کے زیراہتمام سیاحتی مقامات پر صفائی مہم کا انعقاد

بمبوریت میں چلم جوشٹ فیسٹیول کے اختتام پر مقامی شہریوں کے ساتھ مل کر صفائی مہم تین وادیوں میں منعقد ہوئی ، مہم کا مقصد سیاحتی مقامات پر سیاحوں اور شہریوں میں صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے

جمعرات 17 مئی 2018 16:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے زیراہتمام سیاحتی مقامات کی خوبصورتی بحال رکھنے اور سیاحوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے صفائی مہم کا انعقاد کیا گیا ، اس سلسلے میں کالاش قبیلے کا مذہبی تہوار چلم جوشٹ (جوشی) کے اختتام پر مقامی شہریوں اور طلباء و طالبات کے ہمراہ وادی کالاش کی تین وادیوں بمبوریت ، بریر اور رمبورمیں صفائی مہم منعقد ہوئی جس کا مقصد صوبے کے سیاحتی مقامات کی خوبصورتی بحال رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں ، سیاحوں اور مقامی افراد میں اس بات کا شعور اجاگر کرنا ہے کہ سیاحتی ماحول کی صفائی ماحولیاتی آلودگی کیلئے انتہائی خطرناک ہے اور سیاحتی مقامات کی دیکھ بھال ہر شہری کا فرض ہے ، ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے تعاون سے کالاش قبیلے کاسالانہ مذہبی تہوار جوشی اختتام پذیر ہوگیا ،جوشی تہوار میں دنیا بھر سے غیر ملکی سیاحوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، تاہم کالاش کی ان تینوں وادیوں بمبوریت ، بریر اور رمبور کی خوبصورتی برقرار رکھنے کیلئے صفائی مہم شروع کی گئی ، مہم میں تینوں وادیوں میں پڑے کچرے ، گند اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگایا گیا ، صفائی مہم میں کالاش میں مقامی طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر طلبہ میں صفائی سے متعلق پمفلٹ بھی تقسیم کئے تاکہ صفائی سے متعلق شہریوں میں آگاہی پھیلائی جائے ، مقامی شہریوں نے صفائی مہم کے انعقاد کو خوب سراہا ، ان کا کہناتھا کہ صفائی مہم سے کالاش وادی کی خوبصورتی برقرار رہے گی جبکہ طلباء و طالبات میں صفائی سے متعلق شعور بھی اجاگر ہوگا اور یہ بچے اپنے ماحول کو اس مہم کے بعد بھی صاف ستھرا رکھیں گے ، کالاش میں منعقدہ تین روزہ جوشی تہوار گزشتہ روز اختتام پذیر ہوا، ٹورازم کارپوریشن نے سیاحوں کی بہتر سہولیات کیلئے وادی بمبوریت میں ٹینٹ ویلیج بھی قائم کیا جس میں سیاح کثیر تعداد میں مستفید ہوئے ،غیر ملکی سیاحوں نے ٹورازم کارپوریشن کی جانب سے جوشی تہوار میں کئے جانے والے انتظامات اور سہولیات کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :