رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ نے حکومتی دعوئوں کی قلعی کھول دی ہے‘میاں مقصود احمد

سحروافطار اورتروایح کے اوقات میں بلاتعطل بجلی کی دستیابی کویقینی بنایاجائے‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

جمعرات مئی 16:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ رمضان المبارک کابابرکت مہینہ شروع ہوچکا ہے۔پہلے روزے میں ہی ملک بھرمیں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے حکومتی دعوئوںکی قلعی کھول دی ہے۔حکمرانوں نے رمضان المبارک میں سحروافطار اور نمازتراویح کے اوقات میں ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کابلندو بانگ دعویٰ کیاتھا مگر نمازتراویح کے دوران بجلی کی گھنٹوں بندش اس بات کاثبوت ہے کہ حکمرانوں کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے تمام دعوے جھوٹے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کابابرکت مہینہ ہمارے اوپرسایہ فگن ہے۔اس ماہ مقدس میں لوگوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کی جانی چاہئے تاکہ وہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے آزاد ہوکر اللہ کی عبادت کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ رمضان المبارک میں بھی کی جارہی ہے۔رہی سہی کسر بریک ڈائون نے پوری کردی ہے۔مئی کے مہینے میں دوسری بار بڑابریک ڈائون تشویش ناک ہے۔

مرمت کے نام پر لوڈشیڈنگ کرنامعمول بن چکا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔عوام کو نہ بجلی میسر ہے اور نہ ہی پانی دستیاب ہے۔انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت روزہ داروں کوسہولیات فراہم کرے۔انہیں سحروافطار اورتروایح کے اوقات میں بلاتعطل بجلی کی دستیابی کویقینی بنائے تاکہ عوام ماہ صیام کی نعمتوں اور برکتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاسکیں۔

انہوں نے کہاکہ دوروز قبل شہبازشریف نے مخصوص طبقے کو خوش کرنے کی خاطر کالاباغ ڈیم جیسے منصوبے کوقربان کرنے کااعلان کیاتھایہ بیان قابل مذمت ہے۔کالاباغ ڈیم کی تعمیر سے پاکستان کی بقاء وابستہ ہے۔جہاں اس کی تکمیل سے ملک میں اندھیروں کاخاتمہ ممکن ہے وہاں دوسری طرف لاکھوں نئے روزگارکے مواقع میسرآئیں گے۔65لاکھ ایکڑبنجرزمین کو قابل کاشت بنایاجاسکے گا۔یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے حکمرانوں کو عوام کے حقیقی مسائل کا ٹھیک طریقے سے ادراک ہی نہیں۔موجودہ حکمرانوں نے انرجی بحران اور دیگر مسائل پر قابو پانے کے حوالے سے پانچ برس ٹھوس منصوبہ بندی کی بجائے ڈنگ ٹپائوپالیسیوں سے ملک کو چلایا ہے۔