فیصل آباد، این اے 110 میں چیئرمینوں کے بعد وائس چیئرمین نے بھی رانا افضل خان کیخلاف علم بغاوت بلند کر دیا

جمعرات 17 مئی 2018 17:42

ٖفیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2018ء) حلقہ این 110میں چیئر مینوں کے بعد وائس چیئر مین بھی وزیر مملکت خزانہ رانا افضل خاں کے خلاف میدان میں آگئے ۔متوقع امیدوار حلقہ پی پی 116، وائس چیئر مین سی سی 10ڈاکٹر نوید احمد شیخ کی قیادت میں 30سے زائد وائس چیئر مینوں نے بھی رانا افضل خان کے خلاف علم بغاوت بلند کر دیا ۔اس بات کا فیصلہ گرین ویو کالونی راجے والا میں ڈاکٹر نوید احمد شیخ کے ڈیرے پر منعقدہ وائس چیئر مینوں کے اجلاس میں کیا گیا جس میں عمران شاہ،باقر ڈوگر،سرور پپو،طاہرافتخار ڈھلوں اور دیگر وائس چیئر مینوں نے شرکت کی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نوید احمد شیخ نے کہا کہ اگر لیگی قیادت نے رانا افضل خاں کو دوبارہ ایم این کا ٹکٹ دینے کی غلطی کی تو وائس چیئرمین وزیر خزانہ رانا افضل خاں کا ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور اپنی کسی بھی یونین کونسل میں ان کا جلسہ یا کارنر میٹنگ نہیں ہونے دیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رانا افضل خاں نے پانچ سالوں میں اربوں روپے کی کرپشن کی ۔سرکاری نوکریاں اپنے ذاتی ملازمین کو دلوائیں ۔اربوں روپے کے فنڈز لئے ضرور گئے ہیں مگر وہ حلقہ میں استعمال نہیں ہوئے بلکہ اپنے ذاتی میڈیکل کالج پر خرچ کئے ۔انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 110میں پارٹی قیادت کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل بلدیاتی نمائندوں کو اعتماد میں لیں۔ورنہ انہیں نقصان اٹھانا پڑے گا۔