آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ویسٹ زون میں وومن اینڈ چلڈرن پروٹیکشن ڈیسک کا افتتاح کردیا

خواتین اور بچوں کا جنسی استحصال ایک سنگین جرم ہے جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، آئی جی سندھ پولیس

جمعرات 17 مئی 2018 17:57

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ویسٹ زون میں وومن اینڈ چلڈرن پروٹیکشن ڈیسک ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ویسٹ زون میں وومن اینڈ چلڈرن پروٹیکشن ڈیسک کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تقریب میں ڈی آئی جی ویسٹ، ایس ایس پی ویسٹ اور سینٹرل سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر آئی جی سندھ نے کہا کہ خواتین اور بچوں کا جنسی استحصال ایک سنگین جرم ہے جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فی زمانہ ضرورت اس امر کی ہے کہ شہری ایسے واقعات کو چھپانے یا ان پر پردہ ڈالنے کے بجائے آگے آکر ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف متعلقہ پولیس کو آگاہ کریں اور باقاعدہ شکایات درج کرائیں تاکہ اس حوالے سے فوری پولیس کاروائی اور انسدادی اقدامات یقینی ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ وومن اینڈ چلڈرن ڈیسک کے قیام کا مقصد ہی خواتین اور بچوں کے ساتھ ہونیوالے مختلف نوعیت کے واقعات کو ناصرف روکنا بلکہ ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچانا بھی ہے ۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے کہا کہ میں آپ لوگوں کو یہ خوشخبری دینا چاہتا ہوں وومن اینڈ چلڈرن ڈیسک پر کام کرنیوالے اسٹاف کی ماہانہ تنخواہ دگنی ہوگی تاہم اس ڈیسک پر ان ہی ملازمین کو کام کرنیکا موقع دیا جائیگا جو حقیقی معنوں میں انسانیت کی خدمت کا جذبہ اور اہلیت رکھتے ہونگے ۔ آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں سے متعلق پولیس کی جانب سے درج مقدمات کی تفتیش وومن اینڈ چلڈرن پروٹیکشن ڈیسک پر تعینات خواتین افسران ہی کرینگی۔

جسکا مقصد خواتین اور بچوں کے خلاف مختلف نوعیت کے جرائم کا ناصرف مؤثر طور پر انسداد بلکہ ایسے جرائم میں ملوث ملزمان کو جدید اور مؤثر تفتیش کی بدولت مثالی سزاؤں کے عمل کو بھی یقینی بنانا ہے ۔انہوں نے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے مختلف نمائندگان اور صحافی حضرات سے کہا کہ عام شہریوں میں وومن اینڈ چلڈرن پروٹیکشن ڈیسک کی افادیت اور مسائل کے فوری حل اور کردار کے حوالے باقاعدہ شعور اجاگر کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں تاکہ مختلف واقعات سے متاثرہ خواتین بچوں کی مدد اور معاونت کے عمل کو مزید تقویت دی جاسکے ۔

بعداذاں آئی جی سندھ نے ویسٹ زون میں ضلع وسطی کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم اور انٹیگریٹڈ بیلسٹک آئیڈینٹی فیکیشن سسٹم(IBIS)ٹرمینل کا بھی افتتاح کیا اور موقع پر موجود پولیس افسران کو ضروری ہدایات دیں۔انہوں نے ضلع وسطی کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے قیام اور اس حوالے سے کی جانیوالی جملہ کاوشوں کو سراہا اور کراچی پولیس رینج کے دیگر اضلاع کے ایس ایس پیز کو ہدایات جاری کیں کہ ضلع وسطی میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا وزٹ کریں اور اندرون پندرہ یوم اسی طرز کے کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز متعلقہ اضلاع میں قائم کرنے کے تمام تر اقدامات کو ناصرف یقینی بنائیں بلکہ تعمیلی رپورٹس بھی برائے ملاحظہ ارسال کریں۔

متعلقہ عنوان :