کلی الماس میں آپریشن کے دوران زخمی اے ٹی ایف سپاہی سید ثناء اللہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا

دہشتگردوں کے ساتھ مقابلوں میں جاںبحق ہونے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی تعداد 2ہوگئی

جمعرات 17 مئی 2018 18:22

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 مئی2018ء) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے کلی الماس میں کالعدم تنظیم کے سربراہ اور ان کے ساتھیوں کیخلاف آپریشن کے دوران زخمی ہونے والا اے ٹی ایف سپاہی سید ثناء اللہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا اس طرح دہشتگردوں کے ساتھ مقابلوں میں جاںبحق ہونے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی تعداد 2ہوگئی ۔

آئی ایس پی آرکے جاری کردہ بیان کے مطابق گزشتہ رات کوئٹہ کے نواحی علاقے ائیرپورٹ روڈ کلی الماس میں کالعدم تنظیم کے صوبائی سربراہ سلمان بادینی کی ساتھیوں سمیت موجودگی پر فورسز کے اہلکاروں نے ایک مکان کو گھیرے میں لیا تو وہاں موجود کالعدم تنظیم کے سربراہ اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے ان پر اندھادھند فائرنگ کی گئی جس پر فورسز کی جانب سے بھی جوابی کارروائی کاآغاز کردیاگیا ،دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کا صوبائی سربراہ سلمان بادینی اپنے دو ساتھیوں سمیت ماراگیا بلکہ ملٹری انٹیلی جنس کے کرنل سہیل عابد شہید جبکہ اے ٹی ایف کے سید ثناء اللہ ،کانسٹیبل قربان علی ،رجب علی ،خیال میر زخمی ہوگئے ،زخمیوں میں سے 2کی حالت تشویشناک تھی جن میں سے ایک زخمی اے ٹی ایف سپاہی سید ثناء اللہ جمعرات کے روز زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے ۔

(جاری ہے)

مارے جانے والے کالعدم تنظیم کے سربراہ کے سر کی قیمت20لاکھ روپے تھی ان کیخلاف کارروائی گرفتار کمانڈر کی نشاندہی پر گزشتہ روز عمل میں لائی گئی تھی ۔