رمضان دنیا بھر میں مسلم کمیونٹیوں کیلئے ایک اہم اور برکت والا مہینہ ہے، آسٹریلیوی وزیر اعظم مالکم ٹرنبل

جمعرات 17 مئی 2018 18:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) آسٹریلیا کے وزیر اعظم مالکم ٹرنبل نے کہا ہے کہ رمضان دنیا بھر میں مسلم کمیونٹیوں کیلئے ایک اہم اور برکت والا مہینہ ہے، جو قرآن کی وحی اور برداشت رحم و قربانی کی اقدار کو یاد کرنے کا وقت ہے۔ جمعرات کو اسلام آباد میں آسٹریلین ہائی کمیشن نے وزیراعظم آسٹریلیا کا پیغام جاری کیا ہے جس میں مالکم ٹرنبل نے کہا ہے کہ مجھے امید ہے کہ اس مہینے جب آسٹریلوی مسلمان روزہ رکھیں تو انہیں اس مقدس روایت میں امن اور خوشی حاصل ہو اور وہ اس بات سے طاقت حاصل کریں کہ انھیں دنیا بھر سے ان کے بھائیوں اور بہنوں کا اشتراک حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک خوشگوار بات ہے کہ آسٹریلیا دنیا بھر میں سب سے زیادہ کامیاب کثیر ثقافتی ملک ہے، جہاں ہم اپنے ثقافتی اور مذہبی عقائد کا اظہار کرنے ، اور ایک نسل سے دوسری نسل تک عقائد کو فروغ دینے کیلئے آزاد ہیں۔

(جاری ہے)

ہمارے تمام شہریوں کے درمیان باہمی احترام، دوستی، شمولیت، قانون اور امن کی ہماری قدروں پر مشترکہ عزم ہماری کامیابی کی جڑ ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی مسلمانوں نے ہمارے متحرک اور کثیر ثقافتی معاشرے کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ میں ان سب کو اس مہینے کے آغاز پر مبارکباد دیتا ہوں جو اس مقدس مہینے کو منا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :