ڈیڈک چیئرمین سوات فضل حکیم کا مختلف شاہرائوں پر جاری تعمیراتی کام کامعائنہ

جمعرات 17 مئی 2018 18:38

سوات۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان نے منگورہ سٹی میں ٹریفک اژدھام اور اندرون شہر بڑھتے ہوئے رش پر کنٹرول کیلئے شہر سے باہر فضاگٹ مدین روڈ کو ملانے والے توسیع شدہ قمبر بائی پاس روڈ پر تعمیراتی کام کا معائنہ کیا ایکسین ہائی ویز، ٹریفک پولیس، تاجر رہنما،عمائدین علاقہ اورپی ٹی آئی کے ورکرز بھی اس موقع پرانکے ہمراہ تھے فضل حکیم خان نے کہا کہ ہماری پی ٹی آئی کی حکومت سوات میں آمد و رفت کے حوالے سے مقامی آبادی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے علاوہ موسم گرما کی آمد اور سیاحوں کا رش بے انتہا بڑھنے کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا بخوبی احساس ہے اور یہ تمام انتظام بطریو احسن نمٹانے کیلئے مقامی انتظامیہ کی سطح پر بھی بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پشاور، اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اطراف سے آنے اور کالام و دیگر سیاحتی مقامات کو جانیوالے سیاحوں کی آمد و رفت کو سہل بنانے کیلئے پرانے بائی پاس روڈ کی توسیع کے علاوہ نئے بائی پاس روڈز اور شہر کے گرد سرکلر روڈ کی تعمیر کی منصوبہ بندی بھی کئی گئی ہے انہوں نے کہا کہ قمبر بائی پاس روڈ کوتوسیع دینے کا مقصد مینگورہ شہر پر ٹریفک دبائو کو خاطرخواہ حد تک کم کرنا ہے اور اگلے مرحلے میں اسے ٹریفک پولیس کی سفارش پر دو رویہ بھی بنایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ ڈویثرنل ہیڈ کوارٹر کے بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ کے تحت اس بائی پاس روڈ کوہنگامی بنیادوں پر کشادہ کیا جا رہا ہے تاکہ مقامی اور غیرمقامی تمام مسافروں کو بہترین سفری سہولیات میسر ہوںانہوں نے کہا کہ مینگورہ کو ماڈل سٹی بنانے کیلئے بے شمار منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جس کی تکمیل سے مینگورہ سٹی کا نقشہ بدل جائے گاان میں جنرل بس سٹینڈ کی بیرون شہر منتقلی بھی شامل ہے اور اس مقصد کیلئے قمبر بائی پاس پر تمام سہولیات سے آراستہ نیا اور کشادہ جنرل بس سٹینڈ تعمیر کیا گیا ہے جس کا عنقریب افتتاح ہونے کو ہے ۔