ایم ایم اے خیبر پختونخوا کی 27 مئی تک ہر سطح کی تنظیم سازی پورے صوبہ میں مکمل کر یگی،عبدالواسع

متحدہ مجلس عمل خیبر پختونخوا کی تنظیم نو کا عمل مکمل ہو نے کے بعد نچلی سطح پر ضلع اور ڈویژنز سے لیکر ہر سطح تک تنظیم سازی کیلئے پانچ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں

جمعرات 17 مئی 2018 18:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری عبدالواسع نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل خیبر پختونخوا کی تنظیم نو کا عمل مکمل ہو نے کے بعد نچلی سطح پر ضلع اور ڈویژنز سے لیکر ہر سطح تک تنظیم سازی کیلئے پانچ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیںاور پہلے مرحلہ میں ایم ایم اے خیبر پختونخوا کی 27 مئی تک ہر سطح کی تنظیم سازی پورے صوبہ میں مکمل کر لیں گے اس کے بعد دوسرے مرحلہ میں ایم ایم اے کے قائدین پورے صوبہ کے دورے کریں گے اور جلسوں سے خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں ایم ایم اے کے احیاء نو کا مقصد امت مسلمہ کا اتحاد اور امت کو درپیش بحرانوں کا حل پیش کرنا ہے اس کا آغاز پاکستان میں اتحاد امت کی تحریک ایم ایم اے سے کر دیا گیا ہے ایم ایم اے تمام اہل ایمان کو ایک صف اور ایک پیج پر لاکر ملک اور امت کیخلاف صف آرا دشمنوں اور ان کے ایجنٹوں کو بھرپور جواب دے گی۔

(جاری ہے)

ملکی پاسپورٹ اور کرنسی کونئی قوت دی جائے گی ملکی مفادات سی پیک ،گوادر پورٹ ،کشمیر ، بیت المقدس ، ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کیلئے ہر محاذ پر دفاع وطن کافریضہ انجام دے کر انسانی آزادی کا حصول مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کی بحالی نے سیاسی جماعتوں کے ہوش اڑا دئیے ہیں،لبرل اور سیکولرز ایم ایم اے کی مقبولیت سے خائف ہیں اور سوشل میڈیا پر فرقہ واریت کو ہوا دینے میں مصروف ہیں، سیکولرز کے تمام حربے ناکام ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد سیکولر اور لبرل طبقہ کیلئے ملک و ملت کو شکا ر گاہ نہیں بننے دیں گے پاکستان کے روز اول سے مغربی ایجنٹ بھیس اور پارٹیاں بدل بدل کر ہر بار حکمرانی کے نام پر اپنے ذاتی مفادات کی تکمیل اور عوام کی تذلیل کر رہے ہیں ۔ عام انتخابات میں ایم ایم اے بھر پور کامیابی حاصل کرے گی۔ مینار پاکستان کے ریکارڈساز جلسہ سے ثابت ہو گیا کہ پاکستان کے عوام دین پسند اور ایم ایم اے کے ساتھ یکجان ہیں عوامی قوت سے اب ہم حقیقی تبدیلی لائیں گے۔