شاہین ایئر کیلئے حج 2017 کے دوران عمدہ خدمات کی فراہمی پر’بہترین ایئر لائن‘ کا ایوارڈ

جمعرات مئی 19:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی2018ء) مسافروں کوزیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی کے عزم کے تحت پاکستان کی سب سے بڑی نجی اور دوسری پرچم بردار ایئر لائن، شاہین ایئر انٹرنیشنل کو حج 2017کے دوران حجاج کو عمدہ سفری خدمات کی فراہمی پر’بہترین ایئرلائن‘ کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ ایئر لائن کے چیئرمین ، کاشف صہبائی کو وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے دیا گیا۔

ایوارڈ دینے کی تقریب ڈائریکٹوریٹ آف حج،، اسلام آباد میں منعقد ہوئی جہاں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، سردار محمد یوسف نے یہ ایوارڈ ایئر لائن کو دیا۔ اسلام آباد میں شاہین ایئر کے قائم مقام ڈائریکٹر، طارق محی الدین نے چیئرمین، شاہین ایئر کی جانب سے وصول کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع کی مناسبت پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شاہین ایئر کے چیئرمین نے کہا،’’ شاہین ایئر میں ہماری ترجیح انڈسٹری میں پائے جانے والے عالمی معیارکے مطابق بہترین سفری خدمات کی فراہمی کے ذریعہ اپنے کسٹمرز کو مطمئن کرنا ہے۔

حج جیسے مقد س فریضہ کی ادائیگی کی غرض سے سعودی عرب تک حجاج کے لیے پروازیں چلانا ہمارے لیے بہت اعزاز کی بات ہے۔یہ ایوارڈ اپنے ملک اور اس کے لوگوں کے ساتھ ہماری لگن کی توثیق ہے جبکہ ہم سفر کے دوران مسافروں کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولت اور آرام کی فراہمی یقینی بناتے ہیں۔ ہماری ان کوششوں کااعتراف کرنے پر ہم وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم ٓہنگی کے شکر گزار ہیں۔‘‘گزشتہ کئی برسوں کے دوران شاہین ایئرکو سالانہ حج فلائٹ آپریشنز کی کامیاب تکمیل پرڈائریکٹوریٹ جنرل آف حج پاکستان کی جانب تعریفی سند اور ایکسلینس ایوارڈ بھی دئیے جا چکے ہیں۔