ْشیر کا نشان ہماری پہچان ،پارٹی ٹکٹ کا حامل شخص ہی ہمارا امیدوار ہو گا،سینیٹر جاوید عباسی

محکمہ جنگلات و جی ڈی اے کے مظالم پر زبان بند رکھنے والے کسی صورت عوامی نمائندگی کیلئے موزوں نہیں،2018ء میں نئی تاریخ رقم کر کے عوامی بھاری مینڈیٹ سے کامیابی حاصل کریں گے، اجلاس سے خطاب

جمعرات 17 مئی 2018 19:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر بیرسٹر جاوید عباسی نے کہا ہے کہ شیر کا نشان ہماری پہچان ہے ،پارٹی ٹکٹ کا حامل شخص ہی ہمارا امیدوار ہو گا،سابق ادوار میں ذاتی مفادات کیلئے جی ڈی اے کو ضلع کے تسلط سے نکال کر پشاور لے جایا گیا جس سے علاقہ کے عوام اور ضلع کو شدید نقصان پہنچا، محکمہ جنگلات و جی ڈی اے کے مظالم پر زبان بند رکھنے والے کسی صورت عوامی نمائندگی کیلئے موزوں نہیں،2018ء میں نئی تاریخ رقم کر کے عوامی بھاری مینڈیٹ سے کامیابی حاصل کرینگے۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو نتھیاگلی میں آئندہ انتخابات بارے پارٹی کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس سے رکن صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ، شمعون یار خان، احمد نواز خان جدون، سردار ذوق اختر، سردار فضل الرحمن، طاہر سلطان اور ملک محمود نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہزارہ کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا اور ہزارہ کے تمام میگا پراجیکٹس مسلم لیگ (ن) کے مرہون منت ہیں، ہزارہ موٹر وے، گلیات کو سوئی گیس فراہمی، بجلی سے محروم علاقوں میں بجلی کی فراہمی سمیت سڑکوں و دیگر تعمیراتی منصوبوں نے عوام کی زندگی کا معیار بلند کر دیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) میں ٹکٹوں کے حوالہ سے کوئی رسہ کشی اور محاذ آرائی نہیں، جس کے پاس شیر کا نشان ہو گا وہی ہمارا سب کا امیدوار ہو گا جس کی کامیابی کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ بیرسٹر جاوید عباسی نے کہا کہ بدقسمتی سے سابق قیادت نے ذاتی مفادات کو عوامی مفادات پر فوقیت دی اور ذاتی فائدے کیلئے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ایک منصوبہ بندی اور مفاد کے حصول کیلئے ایبٹ آباد سے پشاور منتقل کر دیا گیا جس کے نقصانات نہ صرف ضلع ایبٹ آباد کو ہوئے بلکہ علاقہ گلیات کے عوام اس فیصلے سے محرومیوں کا شکار ہو کر رہ گئے۔

انہوں نے کہا کہ مفاداتی ٹولے نے عوامی مسائل میں ہمیشہ عوام سے دھوکہ کیا اور جنگلات کے مسئلہ پر سلیمانی ٹوپی پہن کر عوام کی آنکھوں سے اوجھل ہو گئے، عوام ان بہروپیوں اور کرپٹ ٹولے کو بھرپور طریقہ سے پہچان چکے ہیں ،محکمہ جنگلات و جی ڈی اے کے مظالم پر زبان بند رکھنے والے کسی صورت عوامی نمائندگی کیلئے موزوں نہیں، انتخابات2018ء میں گلیات کے عوام اپنے محسن کا قرض اتارتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کو کامیابی سے ہمکنار کرے گی اور پارٹی نے جس شخص کو ٹکٹ دیا اس کی الیکشن مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔