گراں فروش مافیا پر لگام دینے کیلئے بہتر اقدامات کئے جائیں‘ سعید غنی

پرائس لسٹ کے مطابق اشیا خوردونوش کو فروخت کرنے میں انتظامیہ ہنگامی اقدامات کریں‘ اقبال ساند، لیاقت آسکانی

جمعرات 17 مئی 2018 19:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر وصوبائی وزیر سعید غنی،ضلع شرقی کے صدر اقبال سانداور ضلع ویسٹ کے صدر لیاقت آسکانی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ساتھ جہاں اسلام ہمیں محبت عاجزی کا درس دیتاہے وہی برداشت ،صبر کی تلقین بھی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ساتھ کراچی سمیت مختلف اضلاع میں گراں فروش مافیا عوام سے من پسند ریٹ وصول کرنے میں مصروف عمل ہوتے ہیںاور اشیا خردونوش کی قیمت آسمان تک پہنچنا شروع ہوجاتی ہے جس سے شہری ذہنی طور پر شدید مشکلات کا شکار رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کمشنر کراچی سمیت تمام اضلاع کے کمشنرزکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایسی ٹیمیں علاقائی سطح اور بازاروں میں تشکیل دی جائیں جو ان گراں فروش مافیا پر لگام دے سکیں جو عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات مہیا کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پرائس لسٹ کے مطابق اشیا خوردونوش کو فروخت کرنے میں انتظامیہ ہنگامی اقدامات کریں اور من مانی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔