شہید کرنل سہیل عابد اور سپاہی ثناء اللہ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،بلوچستان شیعہ کانفرنس

جمعرات 17 مئی 2018 19:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) بلوچستان شیعہ کانفرنس کے رہنماوں نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے کرنل سہیل عابد اور سپاہی ثناء اللہ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن ردالفساد کے تحت کامیاب آپریشن میں دہشت گردوں کی ہلاکت دراصل فوج اوردیگر سیکورٹی اداروں کی کامیابی ہے۔

یہ بات بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داود آغا اور سینئر نائب صدر مسرت آغا نے جمعرات کو علمدار روڈ پر شہید ہونے والے کرنل اور سپاہی کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے شہداء چوک پرخطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی فوج اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں پر فخر ہے جو اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ رات دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے کرنل سہیل عابد اور سپاہی ثناء اللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں اورانہیں یقین دلاتے ہیں انکے غم میں پاکستان اور بالخوص بلوچستان کے عوام برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کے آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد نہ صرف معصوم شہریوں بلکہ پولیس اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھے سیکورٹی فورسز کے دہشت گردوں کے خلاف اس طرح کے آپریشنز کے نتیجے میں جلد ہی ملک اور بلوچستان سے دہشت گردی کا قلع قمع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی کوئی قوم اور مذہب نہیں ہوتا وہ صرف اور صرف دہشت گرد ہیں جو معصوم اور بے گناہ افراد کو شہید کرکے اپنے آقاؤں کو خوش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران اپنی پاک فوج اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداورں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔ اس سے قبل امام بارگاہ نیچاری سے سید داود آغا کی قیادت میں ایک ریلی نکالی گئی جو شہداء چوک پر پہنچ کرمظاہرے کی شکل اختیار کرگئی۔