ٹیکسلا سے گوتم بدھا کی نوادرات سری لنکا کے مختلف صوبوں میں تین ہفتوں سے زائد نمائش کے بعد پاکستان واپس پہنچا دی گئیں

جمعرات 17 مئی 2018 19:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) ٹیکسلا سے گوتم بدھا کی نوادرات سری لنکا کے مختلف صوبوں میں تین ہفتوں سے زائد نمائش کے بعد جمعرات کو پاکستان واپس پہنچا دی گئیں۔ سری لنکا کے وزیر برائے پائیدار ترقی،وائلڈ لائف اور علاقائی ترقی فیلڈ مارشل سراتھ فونسیکا،اعلی سرکای حکام اور پاکستانی ہائی کمیشن کے سفارتکار مقدس نوادرات کی پاکستان واپس روانگی کی غرض سے بندرانائیکے انٹر نیشنل ائر پورٹ پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

بدھا کے مقدس نوادرات حکومت پاکستان نے سری لنکا کی خصوصی درخواست پر سالانہ ویسال میلے کے موقع پر لاکھوں عقیدت مندوں کی زیارت کیلئے بھیج دی تھیں۔ مقدس نوادرات کی نمائش کا افتتاح سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا اور وزیر اعظم وکراما سنگھے نے رواں سال 29اپریل کو ٹمپل ٹریس میں کیا تھا۔ اس موقع پر بدھ مت کے مذہبی رہنماء،دانشور،وزراء،پارلیمنٹیرینز اور اعلی حکومتی حکام بھی موجود تھے۔تین ہفتوں کے دوران مقدس نوادرات کی کولمبو،ویلمپیٹیا، کالوترا ،گالے ،ماتارا،کور ینوگالا،ا نورادپو را اور کینڈی میں نمائش کی گئی۔