Live Updates

شہریوں کو اشیاء خوردونوش کی معیاری اور ارزاں نرخوں پر فراہمی کے اقدامات کے تحت نئے نرخنامے جاری

جمعرات 17 مئی 2018 20:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو اشیاء خوردونوش کی معیاری اور ارزاں نرخوں پر فراہمی کے اقدامات کے تحت نئے نرخنامے جاری کر دیئے ہیں۔ یکم رمضان المبارک سے نافذ العمل ریٹ لسٹ کے مطابق دودھ فی لٹر 90 روپے، دہی فی کلو گرام 100 روپے، شہری علاقوں میں چھوٹا گوشت 800 روپے کلو، بڑا گوشت ہڈی والا 330 روپے کلو، بغیر ہڈی بڑا گوشت 450 روپے کلو کے حساب سے فروخت ہو گا جبکہ دیہی علاقوں میں چھوٹے گوشت کی قیمت 750 روپے فی کلو، بڑے گوشت کی قیمت 310 روپے فی کلو، بڑا گوشت ہڈی والا کی قیمت 430 روپے مقرر کی گئی ہے۔

دریں اثناء ضلعی انتظامیہ نے روزمرہ استعمال کی اشیاء خوردونوش جن میں آٹا سرفہرست ہے، کی 20 کلوگرام تھیلے کی قیمت 720 روپے، اسی طرح دال چنا (موٹی)، دال چنا (درمیانی) کی قیمت بالترتیب 105 روپے فی کلو اور 97 روپے کلو مقرر کی گئیں۔

(جاری ہے)

دال مونگ موٹی، دال مونگ باریک کی قیمت بالترتیب 105 روپے اور 90 روپے، دال مسور موٹی اور باریک کی بالترتیب قیمت 85 اور 72 روپے کلو، دال ماش 110 روپے کلو، بیسن 120 روپے کلو، چاول سپر کرنل (پرانی) 122 روپے کلو، چاول سپر کرنل (نیا) 110 روپے کلو، چاول باسمتی 50 روپے، چاول ٹوٹا 75 روپے، چاول 86، 75 روپے، چاول کائنات 145 روپے، چاول سیلا کی قیمت 148 روپے کلو مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح پکوڑا، جلیبی کی قیمتیں 180 روپے کلو اور سموسہ کی قیمت 156 روپے درجن مقرر کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے ہدایت کی ہے کہ تمام اسسٹنٹ کمشنر صاحبان فوڈ کنٹرول اتھارٹی کی قیمتیں، مجسٹریٹس صاحبان نئے نرخناموں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں روزہ داروں کو ریلیف فراہم کریں، کسی قسم کی ناجائز منافع خوری کو برداشت نہ کیا جائے اور موقع پر جرمانے اور قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :