نبی کریمؐ کی شان و عظمت اور خصوصیات کا شمارانسان کے بس کی بات نہیں، سید کبیر گیلانی

جمعرات 17 مئی 2018 20:15

گوجرانوالہ۔17 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) چیئرمین پاک کشمیر ویلفیئر سوسائٹی سید کبیر گیلانی نے کہا ہے کہ نبی کریمؐ کی شان و عظمت اور خصوصیات کا شمار کرنا بنی نوع انسان کے بس کی بات نہیں ۔ پہلے نبی کسی خاص علاقے یا قوم کیلئے معبوث کئے جاتے تھے جبکہ حضرت محمدؐ تمام انسانیت کے نبی ہیں ،آپؐ تمام انبیاء کے سردار اور تمام انبیاء سے افضل ہیں ، محسن انسانیت ‘سرور کائنات ‘فخر موجودات ‘سید المرسلین ‘امام الانبیاء جناب رسالت مآب حضرت محمد مصطفیؐ کی تعلیمات کل عالم انسانیت کے لئے مینارہ نور کی حیثیت رکھتی ہیں ۔

جس پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے مذہبی شخصیت ڈاکٹر محمد منور حسین سے سیرت النبی پر مشتمل نئی کتاب ’’بحر بیکراں‘‘ وصول کرتے ہوئے کیا، اس موقعہ پربانی ویلفیئر سردار ایوب سیفی ‘صدر پاک کشمیر ویلفیئر سوسائٹی راجہ افضال عزیز‘حافظ محمد یعقوب فریدی ‘عابد لمبڑ ممبرامن کمیٹی تھانہ دھلے ‘ قاری غلام صابر ‘محمد علی سجن ‘حسن عدنان و دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

حافظ محمد یعقوب فریدی نے کہا کہ حضورؐ نے بنی نوع انسانوں کو اخوت و محبت اور امن و سلامتی کا درس دیا۔ ادب مصطفیؐ و عشق مصطفیؐ ہمارے ایمان کی اساس ہے اس کے بغیر ایمان ناممکن ہے ۔ موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ محبت رسول کو عام کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ در در کی ٹھوکروں سے بچنے اور ذلت و رسوائی کے گرداب سے باہر نکلنے کا واحد حل یہ ہے کہ ہم آپؐ کی تعلیمات کو اپنائیں اور کسی حال میں بھی ان سے روگردانی نہ کریں ۔

متعلقہ عنوان :