وزیراعلیٰ پنجاب کا یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر پیغام

اسرائیلی فوج نے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دی ہیں، پاکستان فلسطین میں اسرائیلی مظالم کی بھرپور مذمت کرتا ہے ہم فلسطینی بھائیوں کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،فلسطین سے ہر سطح تعاون جاری رکھیں گی:شہبازشریف

جمعرات 17 مئی 2018 20:41

وزیراعلیٰ پنجاب  کا یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر پیغام
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے فلسطین کے نہتے شہریوں پر ظلم و ستم اوربربریت کی انتہا کردی ہے۔اسرائیلی فوج نے فلسطین میںنہتے شہریوں پر فائرنگ اوربمباری کر کے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دی ہیں،پاکستان فلسطین میں اسرائیلی مظالم کی بھرپور مذمت کرتا ہے ۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطین کے معصوم شہریوں پر ظلم و ستم کا کوئی جوازنہیں بنتا۔عالمی برادری کوآگے بڑھ کر معصوم فلسطینیوں کے خون میں رنگے ہوئے اسرائیل کے ظالمانہ ہاتھ کو روکنا ہوگا۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پراپنے پیغام میں کہاکہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی حکومت اورعوام فلسطینی عوام کو اس بات کا یقین دلاتی ہے کہ ہر سطح ان سے تعاون جاری رکھیں گے۔شہبازشریف نے کہا کہ پاکستانی عوام میں امریکہ کی جانب سے امریکی سفارتخانے کو مقبوضہ بیت المقدس میں منتقل کرنے پر شدید غم و غصہ پایاجاتا ہے۔ امریکی سفارتخانے کو مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کے عمل سے مسلمانوں کے مذہبی احساسات و جذبات مجروح ہوئے ہیں اور امریکہ کے اس اقدام سے قیام امن کی کوششوں کو شدید ددھچکا لگا ہے۔