کنگ پارٹی کو الیکشن جتوانے کے لئے مختلف جماعتوں کے مضبوط امیدواروں کو بنی گالا بھیجا جا رہا ہے ، شاہ محمد اویس نورانی

من پسند جماعت کی کامیابی کے لئے ماحول بنایا جا رہا ہے، پاکستان میں سول بالادستی کے مطالبے کو جرم بنا دیا گیا ہے،غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے کی روش بند ہونی چاہیئے ممبئی حملوں کا ماسٹر مائنڈ خود بھارت ہے۔ عدالتی کمیشن بنا کر ملک کے غداروں اور وفاداروں کا تعین کیا جائے،ترجمان ایم ایم اے

جمعرات 17 مئی 2018 20:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ کنگ پارٹی کو الیکشن جتوانے کے لئے مختلف جماعتوں کے مضبوط امیدواروں کو بنی گالا بھیجا جا رہا ہے اور من پسند جماعت کی کامیابی کے لئے ماحول بنایا جا رہا ہے۔ پاکستان میں سول بالادستی کے مطالبے کو جرم بنا دیا گیا ہے۔

غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے کی روش بند ہونی چاہیئے۔ ملک کے سب سے بڑے غدار آئین توڑنے والے آمر ہیں۔ ممبئی حملوں کا ماسٹر مائنڈ خود بھارت ہے۔ عدالتی کمیشن بنا کر ملک کے غداروں اور وفاداروں کا تعین کیا جائے۔ پاکستان کو عالمی قوتوں کی رسہ کشی کا میدان بنا دیا گیا ہے۔ پاکستان میں انتشار اور فساد پھیلانے کی سازش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان حالات میں بلیم گیم چھوڑ کر قومی اتحاد کی ضرورت ہے۔

بھارت اور امریکہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں۔ سیاسی تناؤ ختم کرنا قومی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جییوپی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ تمام جمہوری قوتیں متحد ہو کر سول بالادستی کے آئینی مطالبے پر ڈٹ جائیں۔ جمہوری حکومتوں کو اختیار کے بغیر اقتدار ملتا ہے۔

عدالتی کمیشن بنا کر ملک کے غداروں اور وفاداروں کا تعین کیا جائے۔ دنیا بھر کی ابلیسی قوتیں پاکستان کے خلاف متحد ہو چکی ہیں۔ ملک اس وقت کسی سیاسی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ قوم الزام تراشی کی سیاست سے تنگ آ چکی ہے۔ کنگ پارٹی کو الیکشن جتوانے کے لئے جتن کئے جا رہے ہیں۔ الیکشن کے قریب دوسری جماعتوں کے مضبوط امیدواروں کا مخصوص جماعت میں شامل ہونا سیاسی انجیئرنگ ہے۔ شاہ اویس نورانی نے مطالبہ کیا کہ حکومت رمضان المبارک کے دوران مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے سخت اقدامات کرے۔ نماز تراویح کے دوران مساجد کی فُول پروف سیکورٹی یقینی بنائی جائے۔