قومی اداروں کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے والوں کا محاسبہ کیا جائے، وزیر اعظم کی دوغلی پالیسی ہے ، پیر معصوم نقوی

جمعرات 17 مئی 2018 20:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2018ء) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ اور نظام مصطفی محاذ کے سینئر نائب صدرقائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی اور قومی وقار کا تقاضا ہے کہ اداروں کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے والوں کا محاسبہ کیا جائے۔ وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی دوغلی پالیسی پرچل رہے ہیں۔ قومی سلامتی کمیٹی میں نااہل سابق وزیر اعظم کے بیان کی مذمت کا اعلامیہ جاری کرتے مگر عملی طور پر نواز شریف کے موقف کے حامی ہیں۔

کشیدگی کے اس ماحول میں عوام کے مسائل کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔ پورا ملک لوڈشیڈنگ کا شکار ہے مگر کو ئی ذمہ داری قبول کرنے کو تیار نہیں۔ پہلے روزے میں ہی واپڈا کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی ہے۔ ایک بیان میں پیر معصو م نقوی نے کہا کہ نواز شریف کی سیاست کا مرکز و محور ہمیشہ پیسہ کمانا رہا ہے۔

(جاری ہے)

پانامہ لیکس میں اپنا مقدمہ عدالت میں ہارنے اور اقتدار چھن جانے کے بعد اب سابق وزیر اعظم کو جیل نظر آرہی ہے تو اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

اپنے بھائی پر بھی اعتماد نہیں کرتے اور اپنی بیٹی مریم نواز کو مسلم لیگ ن پر مسلط کرنے کے لئے تعارفی جلسے کررہے ہیں۔ تاکہ پارٹی صدارت اور اقتدار خاندان میں ہی رہے۔ لیکن اب ان کا سیاست میں کردار ختم ہوچکا ہے۔ نوازشریف کی اگلی منزل جیل ہے۔