کمشنر ہزارہ اکبر علی خان کے ضلع تورغر میں پہلی کھلی کچہری کے دوران عوام نے مسائل کے انبار لگا دیئے

جمعرات 17 مئی 2018 20:48

تورغر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) کمشنر ہزارہ اکبر علی خان کے ضلع تورغر میں پہلی کھلی کچہری کے دوران عوام نے مسائل کے انبار لگا دیئے۔ ضلع تورغر کے تمام محکموں کے متعلقہ افسران سمیت اہلیان علاقہ کی کثیر تعداد نے کھلی کچہری میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی سی تورغر پرویز سبت خیل، ڈی پی او تورغر سردار خان، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خان محمد اور دیگر تمام ضلعی محکموں کے افسران کھلی کچہری میں موجود تھے۔

ضلع تورغر کے بلدیاتی ممبران نے کمشنر ہزارہ کو کھلی کچہری کے دوران ضلع تورغر کے پانی، بجلی، تعلیم اور صحت کے مسائل پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تورغر ان تمام سہولیات سے محروم ہے، تعلیم کے اعتبار سے تعلیم خواندگی صفر پر ہے، بچیوں کیلئے تورغر میں نہ ہی مڈل سکول اور نہ ہی ہائی سکول ہے جس کے باعث ضلع تورغر کے بچے تعلیم کے زیور سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سڑکیں نہ ہونے کی وجہ سے ذرائع آمدورفت میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، صحت کے مراکز نہ ہونے کی وجہ سے ضلع تورغر کے لوگ دور دراز ہسپتالوں کو جانے پر مجبور ہیں، طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے مریض راستہ میں ہی دم توڑ دیتے ہیں ، اس دور جدید میں بھی ضلع تورغر بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ ڈاکٹر سراج نے کہا کہ ضلع تورغر کو زون چھ میں شامل کر کے ہمارے مسائل میںکمی لائی جائے۔