رمضان میں گھریلو صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا، کے الیکٹرک

جمعرات 17 مئی 2018 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) کے الیکٹرک رمضان کے مقدس مہینے میں گھریلو صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ،’’ گھریلو صارفین کو سحر و افطار کے دوران لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ علاوہ ازیں ، کے الیکٹرک کا عملہ خاص طور پر سحر و افطار کے دوران مقامی فالٹ کی صورت میں فوری درستگی کیلئی24گھنٹے تعینات ہے۔

‘‘سحر اور افطار کے دوران رہائشی صارفین کو ترجیح دی جائے گی جبکہ صنعتی علاقوں کو رات کے اوقات میں 6گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑے گا تاکہ رمضان کے بابرکت مہینے میں رہائشی صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔کے الیکٹرک کو اس وقت شارٹ فال کا سامنا ہے جس کی وجہ سے مستثنیٰ علاقوں میں عارضی لوڈمینجمنٹ کیا جارہا ہے جس کا دورانیہ 3گھنٹے سے کم کرکے 2گھنٹے کردیا گیا ہے جبکہ باقی علاقوں میں شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

کراچی میں اس وقت لوڈشیڈنگ کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ ساڑھے سات گھنٹے ہے جبکہ شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی۔کے الیکٹرک نے اضافی لوڈشیڈنگ کی سختی سے تردید کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ فالٹ ،بجلی چوری اور کنڈوں کے باعث آنے والے مقامی فالٹ کو لوڈشیڈنگ سے تشبیح نہ دی جائے۔ کے الیکٹرک کے بن قاسم پاور اسٹیشن کے متاثرہ یونٹ کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔

بحالی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے 41ٹن وزنی پرزہ اینٹونوف کارگو ایئر کرافٹ کے ذریعے منگوانے کے بعدہنگامی بنیاد پر بد ھ کے روزکے الیکٹرک کے بن قاسم پلانٹ تک پہنچا دیا گیاتھا ۔ متاثرہ یونٹ کی بحالی کے لیے پرزے کی تنصیب کا عمل 20مئی تک مکمل کرلیاجائے گا جس سے شہر میں بجلی کی فراہمی میںبہتر آجائے گی۔