میپکو نے کم وولٹیج اور ٹرپنگ کے خاتمے کیلئے ٹرانسمیشن لائنوں کے دومیگاپراجیکٹس مکمل کرلیے

جمعرات مئی 21:14

ملتان۔17 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی2018ء) ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) نے صارفین کو بہتروولٹیج کے ساتھ بجلی فراہم کرنے، کم وولٹیج اور ٹرپنگ کی شکایات کے خاتمہ کے لئے ٹرانسمیشن لائنوں کے 2میگاپراجیکٹس مکمل کرلئے ہیں ان منصوبوں کی تکمیل پر مجموعی طورپر 41کروڑ80لاکھ روپے لاگت آئی ہے ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری کی ہدایت پر220KVمظفرگڑھ گرڈاسٹیشن سے 132KVڈمر والاگرڈاسٹیشن تک 42اعشاریہ28کلومیٹر طویل نئی ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا منصوبہ 16مئی2018؁ء کو رات آٹھ بجے مکمل کیاگیاہے ۔

نئی لائن کی تنصیب سے 132KVڈمر والا، 132KVخیرپورسادات ، 132KVعلی پوراور 132KVجتوئی گرڈاسٹیشنوں سے منسلک لاکھوں صارفین کو بجلی کی بہتروولٹیج کے ساتھ فراہمی ممکن ہوگئی ہے اور ٹرپنگ کی شکایات کا مکمل خاتمہ بھی ہوگیاہے ۔

(جاری ہے)

ہنگامی بنیادوں پر یہ منصوبہ ریکارڈ مدت 9ماہ میں مکمل کیاگیاہے اور اس منصوبے کی تکمیل پر 32کروڑروپے کی خطیر لاگت آئی ہے ۔

رحیم یار خان اور گردونواح کے علاقوں کے ہزاروں صارفین کے کم وولٹیج اور ٹرپنگ کے دیرینہ مسئلہ کے خاتمہ کے لئے 500KVرحیم یارخان گرڈاسٹیشن سے 132KVرحیم یار خان گرڈاسٹیشن تک 20اعشاریہ22کلومیٹر طویل نئی 132KVٹرانسمیشن لائن بچھانے کا منصوبہ بھی مکمل کرلیاگیاہے اس منصوبے کی تکمیل پر 9کروڑ80لاکھ روپے لاگت آئی ہے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو نے پراجیکٹ ڈائریکٹر گرڈسسٹم کنسٹرکشن میپکوانجینئر نواز ندیم اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہاہے اور مقررہ مدت سے قبل منصوبے مکمل ہونے پر شاباش دی ہے ۔

متعلقہ عنوان :