رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 8 ملزمان گرفتار، اسلحہ و منشیات برآمد

جمعرات 17 مئی 2018 21:18

رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 8 ملزمان گرفتار، اسلحہ و منشیات ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سائیٹ ایریا کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد خالق عرف سنی کو گرفتار کیا جس کا تعلق ایم کیو ایم (لندن) سے ہے۔ ملزم ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔

(جاری ہے)

ایک اور کارروائی میں رینجرز نے درخشاں، گذری، کلفٹن اور پریڈی کے علاقوں سے 6 ملزمان عابد علی عرف شیدی، عبدالصمد، شاہ میر، نعمان، علی فیروز اور عابد حسین عرف نانو کو گرفتار کیا۔ ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ رینجرز نے نیو کراچی کے علاقے میں کارروائی کے دوران ملزم سلیم احمد کو گرفتار کیا جو علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہے۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی برآمد کی گئی ہیں اور تمام ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔