حیدرآباد،سندھ میں عورتوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور ان کو جلد انصاف فراہم کرنے کیلئے ٹول فری نمبر 1094 متعارف

جمعرات 17 مئی 2018 21:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2018ء) حکومت سندھ کی طرف سے سندھ میں عورتوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور ان کو جلد انصاف فراہم کرنے کیلئے ٹول فری نمبر 1094 متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد عورتوں کو جلد سے جلد رلیف فراہم کرنا ہے، چاہے شکایت کارو کاری کے مسئلے پر ہو، گھریلو تشدد پر ہو یا کسی بھی قسم کی زیادتی کی ہو تو اس صورت میں ٹول فری نمبر پر شکایت درج کروانے پر فوری طور پر ایکشن لیا جائیگا۔

ہیلپ لائن ٹول فری نمبر 1094 کو حکومت سندھ کی طرف سے تمام اضلاع میں متعارف کروایا گیا ہے جس میں ضلع مٹیاری بھی شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ وومین ڈولپمنٹ آفیسر آفتاب احمد ملک نے ڈپٹی کمشنر مٹیاری آفیس کے لطیف ہال میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔

(جاری ہے)

اس مختصر پروقار تقریب میں ضلع جامشورو کی ڈسٹرکٹ وومین ڈولپمنٹ آفیسر ثمینہ عباسی کے علاوہ وومین ڈولپمنٹ کے ضلعی عہدیداران، این جی اوز کے نمائندگان اور سول سوسائٹی سے وابستہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب میں ڈسٹرکٹ وومین ڈولپمنٹ آفیسر آفتاب احمد ملک نے کہا کہ ہم حکومت سندھ کے انتہائی مشکور ہیں جس نے عورتوں کی بھلائی اور تحفظ کیلئے ٹول فری نمبر 1094 متعارف کراکے ایک بہترین قدم اٹھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب جہاں بھی عورتوں سے ناانصافی ہو، گھریلو تشدد ہو، وقت سے پہلے شادی جیسے مسائل ہوں یا عورتوں سے وابستہ کسی بھی قسم کے مسائل ہوں تو ان کے بارے میں فوری طور پر مذکورہ بالا ٹول فری نمبر پر رابطہ کیا جاسکتا ہے تاکہ ان کو جلد سے جلد انصاف فراہم کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :