خواجہ سعد رفیق اور آصف کرمانی کی لڑائی میں حقیقت کیا ہے ، سعد رفیق نے خاموشی توڑ دی

آصف کرمانی سے کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی،میڈیا پر آنے والی خبر حقائق کے منافی ہے، سعد رفیق

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 17 مئی 2018 21:11

خواجہ سعد رفیق اور آصف کرمانی کی لڑائی میں حقیقت کیا ہے ، سعد رفیق نے ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 17مئی 2018ء ) :خواجہ سعد رفیق اور آصف کرمانی کی لڑائی میں حقیقت کیا ہے ، سعد رفیق نے خاموشی توڑ دی۔ وزیر ریلوے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ آصف کرمانی سے کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی،میڈیا پر آنے والی خبر حقائق کے منافی ہے۔تفصیلات کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے سینیٹر آصف کرمانی سے لڑائی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ ڈاکٹرآصف کرمانی قریبی عزیز اورقابل احترام ہیں۔آصف کرمانی سے کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی۔میڈیا پر آنے والی خبر حقائق کے منافی ہے۔مسلم لیگ ن میں اختلاف رائے شائستگی سے کیا جاتا ہے۔اس حوالے سے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم سب ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ کے داعی اور علمبردار ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔پارٹی کی حکمت عملی پر مشاورت اور بحث ایک مستقل سیاسی جمہوری عمل ہے۔مشاورت اور بحث پر کبھی پابندی نہیں لگائی گئی۔دوسری جانب سینیٹر آصف کرمانی نے بھی اس حوالے سے بیان جاری کر دیا۔سینیٹر آصف کرمانی کا اس سارے معاملے پر کہنا تھا کہ ہم سب نواز شریف کی قیادت میں متحد ہیں۔میرےاورسعدرفیق کےدرمیان کوئی بات نہیں ہوئی۔یاد رہے کہ کچھ دیر پہلے یہ خبر گردش میں تھی کہ مسلم لیگ ن کے مشاورتی اجلاس کے بعد نواز شریف کی موجودگی میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سینیٹر آصف کرمانی کی شدید تلخ کلامی ہوئی ہے اور دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف سخت زبان استعمال کی ہے۔