پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے نائب چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن کی ملاقات‘

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا‘ آئی ایس پی آر

جمعہ 18 مئی 2018 01:10

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے نائب چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن (سی ایم سی) نے یہاں جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی‘ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک چین تعلقات مضبوط، باہمی اعتماد سازی کی بنیاد پر قائم ہیں۔ پاک چین دفاعی اور سلامتی تعاون پر روشنی ڈالتے ہوئے جنرل ژینگ نے کہا کہ پاکستان اور چین سٹریٹجک پارٹنرز اور مضبوط دوستی میں بندھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ مشرقی ترکستان تحریک کے خلاف پاکستانی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک دونوں ملکوں کے باہمی مفاد میں ہے اور دونوں ممالک منصوبے کی کامیابی کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی سیکورٹی سے متعلق پاک فوج کی کوششیں قابل تعریف ہیں‘ سی پیک کی سیکورٹی کیلئے پاکستان سے قریبی تعاون کے منتظر ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون کے مختلف مفاہمتوں پر دستخط کیے گئے۔ چینی وائس چیئرمین جنرل ژینگ نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پاک فوج کی جانب سے چین کے نائب چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن (سی ایم سی) جنرل ژینگ کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔