ْامریکی سفارت خانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی عالمی قوانین کے منافی ہے، سعودی وزیر خارجہ

جمعہ 18 مئی 2018 10:10

قاہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ امریکی سفارت خانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے،ہم امریکا کے اس اقدام کے مسترد کرتے ہیں اور اس کو فلسطینی مفادات کے خلاف متعصبانہ سمجھتے ہیں ۔العربیہ ٹی وی کے مطابق یہ بات انہوں نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں عرب وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقلی اور غزہ میں اسرائیلی فوج کی نہتے فلسطینی مظاہرین کے خلاف تشدد آمیز کارروائیوں سے پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کیا گیا ۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر امریکا کے اس فیصلے کو مسترد کردیا گیا ہے اور مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت میں تبدیلی کی کوئی قانونی جواز نہیں ہے۔انھوں نے اس موقف کا اعادہ کیا کہ فلسطینی کاز کی حمایت سعودی مملکت کی اولین ترجیح ہے اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز یہ بات زور دے کر کہہ چکے ہیں کہ سعودی عرب فلسطینیوں کو ان کے جائز حقوق دلانے کے لیے حمایت میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔