لاکھوں زائرین مدینہ منورہ پہنچ گئے

جمعہ 18 مئی 2018 10:30

مدینہ منورہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) سعودی عرب کے اندر اور باہر سے لاکھوں زائرین مسجد نبوی شریف کی زیارت اور رمضان المبارک 1439ھ کے چند ایام گزارنے کے لئے مدینہ منورہ پہنچ گئے۔ سعودی قاخبار کے مطابق رمضان المبارک کے دوران لاکھوں زائرین مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان اور نائب گورنر شہزادہ سعود بن خالدالفیصل ، زائرین کے آرام و راحت اور سکون و اطمینان کے لئے مطلوب انتظامات کی نگرانی بذات خود کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر مدینہ منورہ کے حکم پر مسجد نبوی شریف میں زائرین کے لئے آمدورفت کے نظام ، امن و امان، صحت و عافیت او رکھانے پینے کا معقول بندوبست کیا گیا ہے ۔ مسجد نبوی شریف کی انتظامیہ صفائی ستھرائی ، اصلاح و مرمت ، آب زم زم کی فراہمی ، قالین ، کار پارکنگ اور راہداریوں کو منظم کرنے نیز دروازؤں پر محافظوںکی تقرری سمیت تمام تدابیر کر رہی ہے۔ مدینہ منورہ میونسپلٹی زائرین کے حوالے سے ریسٹورانوں اور ہوٹلوں کے انتظامات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ مدینہ منورہ پولیس نے تاریخی مقامات آنے جانے والے زائرین کو امن و امان کے ساتھ سفر کرنے کیلئے گشتی فورس کا بندوبست کیا گیا ہے۔