سی پیک کے وسط مدتی منصوبے 2020ء سے لیکر 2025ء تک مکمل ہو جائیں گے، سی پیک سیکرٹریٹ حکام

جمعہ 18 مئی 2018 11:50

سی پیک کے وسط مدتی منصوبے 2020ء سے لیکر 2025ء تک مکمل ہو جائیں گے، سی پیک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ مشترکہ ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے، پاکستان اپنے جغرافیائی محل وقوع کے باعث یورپ اورایشیائی ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کررہا ہے اورخطے میں تجارت ،اقتصادی و دیگر روابط کے لئے راہداری فراہم کررہا ہے۔ معاشی طور پر مضبوط پاکستان ہی دہشت گردی اور انتہا پسندی کو شکست دے سکتا ہے اور علاقائی استحکام کو یقینی بناسکتا ہے۔

سی پیک سیکرٹریٹ کے حکام کے مطابق پاکستان میں اقتصادی و صنعتی ترقی کیلئے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت مشترکہ کاروباری ماڈل کے ساتھ ساتھ سکل ڈویلپمنٹ اور کاروباری افراد کے باہم روابط کو فروغ دیا جا رہا ہے، سی پیک کے تحت انفراسٹرکچر، توانائی، اقتصادی زونز کے قیام سمیت مختلف منصوبہ جات کی تکمیل سے پاکستان نہ صرف پائیدار ترقی کے حصول میں کامیاب ہوگا بلکہ لاکھوں جوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور عوام کی سماجی بہبود بھی یقینی ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ سی پیک کے ابتدائی منصوبے 2017-18 میں مکمل ہو جائیں گے جبکہ وسط مدتی منصوبے 2020ء سے لیکر 2025ء تک اور طویل المدتی منصوبے 2020ء سے لیکر 2030ء تک مکمل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تھرکول، پن بجلی اور متبادل توانائی کے ذریعے سستی ماحول دوست بجلی کے منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے، جن میں کئی منصوبوں سے دسمبر 2018ء تک پیداوار شروع ہو جائے گی اور ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پایا جائے گا۔