سائنسدانوں کی زرعی تحقیق میں حاصل کردہ کامیابیوں کے نتائج سے کاشتکاروں کو آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، ماہرین زراعت

جمعہ 18 مئی 2018 12:12

فیصل آباد۔18 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) زرعی تحقیقی اداروں اور محکمہ زراعت کے سائنسدانوں کی زرعی تحقیق میں حاصل کردہ کامیابیوں کے نتائج سے کاشتکاروں کو آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ نئی دریافت کردہ زرعی اجناس کی مختلف اقسام کی بدولت اگلے پانچ سالوں میں صوبہ پنجاب میں فصلوں ، پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار میں انقلاب برپا ہو جائے گا۔

ماہرین زراعت نے بتایاکہ حکومت کی طرف سے چھوٹے کاشتکاروں کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور زرعی سائنسدانوں کے تعاون سے ان کے مسائل کو حل کرنے کی بھر پور کوشش کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ زرعی تحقیق کا بنیادی مقصد کاشتکاروں کے مسائل حل کرنا ہے اس لئے زرعی سائنسدانوں کو کاشتکاروں سے روابط کو مزید مستحکم بنانا چاہیے تاکہ ان کے مسائل کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے تحقیقاتی ترجیحات مرتب کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ زرعی سائنسدانوں کی تحقیق سے استفادہ کرکے فوڈ سیکورٹی حاصل کی جاسکتی ہے اور آب وہوا میں تبدیلیوں اور پانی کی کمی جیسے چیلنجوں کا سامنا کیا جاسکتاہے ۔انہوں نے کہا کہ ماہرین زراعت اور زرعی اداروں کی تحقیقاتی ترجیحات میں زرعی پیداوارمیں ویلیوایڈیشن کو متعارف کرانا اور قیمتی پودوں اور فصلوں کی کاشت کو فروغ دینا شامل ہے جس کی بدولت زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا اور کاشتکاروں کی آمدنی بھی کئی گنا بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ زرعی سائنسدانوں کی تحقیق کی وجہ سے اہم فصلوں کے رقبے میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ نئی اقسام کم عرصہ میں پک کر تیار ہوجاتی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :