سانحہ نیلم، امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والوں کے لیے بڑا اعزاز

جمعہ 18 مئی 2018 13:09

سانحہ نیلم، امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والوں کے لیے بڑا اعزاز
مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) سانحہ نیلم، امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والوں کے لیے بڑا اعزاز، ثمر فاونڈیشن نے تاحیات ممبر شپ دینے اور شیلڈز سے نوازنے کا اعلان کردیا، مختیار قریشی کے لیے نقد 50 ہزار روپے انعام کا اعلان، ثمرفاونڈیشن ایسے لوگوں کی حوصلہ افزائی کریگی جو انسانیت کے جذبہ سے سرشار ہوں اور انسانیت کی فلاح کے لیے کام کرنا چاہتے ہوں، ان خیالات کا اظہار چئیرمین ثمرفاونڈیشن چوہدری ثمرسراج نے گزشتہ روز میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ کنڈلشاہی میں پل ٹوٹنے سے ایک بڑا سانحہ ہوا، جس میں کئی نوجوانوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، اس موقع پر نیلم کے مقامی نوجوانوں نے انتہائی جرات، بہادری، دلیری اور انسانیت دوستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑا کارنامہ سرانجام دیا، نالہ جاگراں سے سیاح طلبہ کی جانیں بچانے والوں کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، ثمر فاونڈیشن ایسے لوگوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتی ہے جو انسانیت کی بھلائی چاہتے ہوں، چنانچہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ نالہ جاگراں میں اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر متعدد سیاح طلبہ کی جانیں بچانے والے مختیار قریشی ولد زینت اللہ قریشی ساکنہ کنڈلشاہی کو 50 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا، اور ثمر فاونڈیشن کی تاحیات ممبرشپ دی جائے گی، اور اسی طرح امدادی کارروائیوں میں متحرک اور مثبت کردار اداکرنے والوں سلطان پیرزادہ، علی میر، نویدخان، وقاص قریشی جیسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ثمرفاونڈیشن انہیں تاحیات ممبر شپ دینے کے ساتھ شیلڈز سے نوازے گی، کیونکہ ان نوجوانوں نے جہاں انسانی جانیں بچا کر ثواب کمایا وہاں نیلم سمیت آزادکشمیر بھر کا نام روشن کیا اور یہ پیغام دیا کہ نیلم کے لوگ اپنے مہمانوں کے لیے اپنی جانیں بھی دینے سے گریز نہیں کرتے، اس موقع پر چوہدری ثمرسراج نے سانحہ نیلم کے فوری بعد امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والے پاک فوج کے جوانوں، ریسکیو اہلکاروں سمیت تمام اداروں کے ذمہ داران جنہوں نے امدادی کارروائیاں کیں سب کا شکریہ اداکیا اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ نیلم میں سیاحوں کو سہولیات، جانی تحفظ، اور گائیڈلائن فراہم کرنے کے جامع اقدامات کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :