سری لنکن کرکٹ بورڈ کی غیرمعمولی جنرل میٹنگ کل ہوگی،انتخابات 31 مئی کو کرانے کا اعلان

سری لنکا کرکٹ بورڈ کے موجودہ عہدیداران کی مدت 31 مئی کو ختم ہو جائے گی ،ْ حکام

جمعہ 18 مئی 2018 13:24

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) سری لنکن وزارت کھیل نے اٹارنی جنرل ڈیپارٹمنٹ حکام سے مشاورت کے بعد سری لنکا کرکٹ بورڈ کو انتخابات کی اجازت دیدی ہے جس کے بعد انتخابات 31 مئی کو کرانے کااعلان کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے ابتدائی طور پر 19 مئی کو انتخابات کا اعلان کر رکھا تھا تاہم وزارت کھیل کی مداخلت کے بعد اسے 27 اپریل کو انتخابات ملتوی کرنے پڑے تھے۔

سری لنکا کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزارت کھیل نے انتخابات کی اجازت دے دی ہے اور اب انتخابات 31 مئی کو ہوں گے، اس سلسلے میں بورڈ کی غیرمعمولی جنرل میٹنگ کل ہفتہ کو ہو گی جس میں الیکشن کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ واضح رہے کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ کے موجودہ عہدیداران کی مدت 31 مئی کو ختم ہو جائے گی۔