آئی سی سی پر تنقید ،ْپی سی بی کا محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس بھیجنے کا فیصلہ

محمد حفیظ نے اپنے انٹرویو میں آئی سی سی کے مشکوک بولنگ ایکشن کے قانون پر تنقید کی تھی

جمعہ 18 مئی 2018 13:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آل راؤنڈر محمد حفیظ کو شو کاز نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق آل راؤنڈر محمد حفیظ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر پی سی بی نے محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق آئی سی سی کے قانون پر عملدرآمد کو دہرے معیار سے تعبیر کرتے ہیں محمد حفیظ نے کہاکہ اس قانون پر طاقت، تعلقات اور نرم گوشہ اثرانداز ہوتے ہیں۔محمد حفیظ کا اپنے انٹرویو میں کہنا تھا کہ وہ جب بائیو مکینک ٹیسٹ کیلئے گئے تو پتہ چلا کہ ان کی بولنگ 17،16 اور 18 ڈگری پر ہے۔

(جاری ہے)

آل راؤنڈر نے سوال اٹھایا کہ ایک انسانی آنکھ کیسے یہ دیکھ سکتی ہے کہ ان کی بولنگ 15 ڈگری کی مقررہ حد سے صرف ایک ڈگری زیادہ پر ہوئی ہے اور امپائرز اور میچ ریفریز کو ان کی 16 ڈگری پر بولنگ کرنا تو نظر آگیا تاہم دوسری جانب بہت سے ایسے بولرز بھی ہیں جو 30،25 اور اس سے بھی زیادہ ڈگری پر بولنگ کر رہے ہیں لیکن وہ رپورٹ نہیں ہوئے۔

محمد حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ بہت سے کرکٹ بورڈز کی طاقت ہے جس کے سامنے کوئی بولنا نہیں چاہتا اور بہت سی جگہوں پر تعلقات ہیں جنہیں کوئی خراب کرنا نہیں چاہتا۔یاد رہے کہ 37 سالہ پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ کا تین مرتبہ بولنگ ایکشن رپورٹ ہوچکا ہے اور حال ہی میں آئی سی سی نے انہیں بولنگ کی اجازت دی ہے۔