سی ڈی اے نے سدا باغ کی آرائش کے لئی4 کروڑ روپے مختص کیے ہیں،ڈپٹی میئر اسلام آباد

جمعہ 18 مئی 2018 13:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان علی نقوی نے کہا ہے کہ سی ڈی اے نے سدا باغ کی آرائش کے لئی4 کروڑ روپے مختص کیے ہیں،اس باغ میں وہ میدان بھی شامل ہے جہاں ٹیکسلا کے فرمانروا راجہ امبھی نے سکندر اعظم کو تلوار پیش کی تھی۔وہ عظیم صوفی حضرت شاہ اللہ دتہ باکھری کے 4روزہ میلا کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

سندھ سے ایم این اے عبدالرشید گوڈیل ،انجمن ا ٓثار شناسی ڈاکٹر غضنفر مہدی سمیت دیگر موجود تھے ۔ملک کے ممتاز فنکاروں بشری ماروی، نصیر احمد خواجہ، جابر عباس، سائیں اختر ، غلام عباس، غلام رضااور شوکت ڈھول والا نے صوفیاء کرام کا عارفانہ کلام پیش کیا اور خوب داد وصول کی۔ رکن قومی اسمبلی عبدالرشید گوڈیل نے انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف صوفی ازم اور حضرت شاہ اللہ دتہ کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم تاریخی مقام کو وسعت دے کر سالانہ غیر ملکی سیاحوں کے ذریعے کروڑوں روپے کا زرمبادلہ حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اختتام پر سید ذیشان نقوی نے شرکاء کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔کانفرنس میں دو قرار دادیں منظور کی گئیں ۔پہلی قرارداد میں کہا گیا کہ حضرت شاہ اللہ دتہ کا ایک ہزار سالہ جشن سرکاری طور پر منایا جائے اور دوسری قرارداد میں کہا گیا کہ حضرت بری امام کے میلے کو دوبارہ شروع کیا جائے۔