سٹریٹ چائلڈ عالمی فٹ بال کپ میں سلور میڈل حاصل کرنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی کل ماسکو سے واپس وطن پہنچیں گے

جمعہ 18 مئی 2018 14:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) سٹریٹ چائلڈ عالمی فٹ بال کپ میں سلور میڈل حاصل کرنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی کل ماسکو سے واپس وطن پہنچیں گے،نیواسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر محمد امین الحسنات شاہ، اورچیئرمین مسلم ہینڈزلحت حسنین کے علاوہ سماجی کارکن، کھلاڑیوں اور شہریوں کی کثیر تعداد کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کر ے گی ،گذشتہ دنوں ماسکو میں کھیلے گئے سٹریٹ چائلڈ عالمی فٹ بال کپ کے فائنل میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے ازبکستان کے ہاتھوں 6-5 پنلٹی ککس سے شکست کھا کر چاندی کا تمغہ حاصل کیا اور مقررہ وقت میں دونوں ٹیمیں 1-1 گول سے برابر رہیں، میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا اور دونوں ٹیموں کو پانچ، پانچ پنلٹی ککس ملے جس میں ازبکستان نے پانچ اور پاکستان نے چار گول کئے،واضع رہے کہ عالمی کپ میں22 ممالک کی انڈر16- ٹیموں نے حصہ لیا اور پاکستان اپنے کوالیفائنگ رائونڈ میں ناقابل شکست رہا،پاکستان نے سیمی فائنل میچ میں انڈونیشیاء کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، اس سے قبل 2014ء میں برازیل میں کھیلے گئے سٹریٹ چائلڈ عالمی کپ میں پاکستان نے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی، پاکستانی ٹیم دس کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جن میں محمد عبداللہ(کپتان) اور دیگر کھلاڑیوں میں اسد شوکت، اعجاز محمد، جنید احمد شاہ، ساجد علی، محمد امین، محمد رضوان نواز، شاہد فرید، محمد ابرار اور حامد امجد شامل ہیں جبکہ ٹیم کے ہمراہ ٹیم منیجر حیدر مجتبیٰ ، کوچ محمد رشید اور اسسٹنٹ کوچ ندیم احمد ہیں۔

متعلقہ عنوان :