شامی صدرکی سوچی میں روسی ہم منصب سے ملاقات

جمعہ 18 مئی 2018 14:58

سوچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) شام کے صدر بشار الاسد غیر اعلانیہ دورہ پر روس پینچ گئے جہاں انھوں نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات بحیرہ اسود کے سیاحتی مقام سوچی میں ولادیمیر پیوٹن کی سرمائی رہائش گاہ پر ہوئی۔کریملن کی جانب سے جاری کردہ ملاقات کی تفصیل میں صدر اسد کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی خاتمے کی کوششوں میں انہیں کامیابی حاصل ہو رہی ہے جس کی وجہ سے سیاسی عمل کے راستے ہموار ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر پیوتن کے ترجمان دمتری پسکوف نے بتایا کہ ملاقات میں شامی صدر نے روسی رہنما کو اقوام متحدہ اپنا وفد بھیجنے سے متعلق فیصلے سے آگاہ کیا جہاں وہ شامی دستور میں اصلاحات سے متعلق مذاکرات میں شرکت کرے گا۔ شامی صدر کے فیس بک اکاونٹ پر پوسٹ کردہ خبر کے مطابق سوچی میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماوں نے باہمی دلچسپی کے کئی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع شام میں ہونے والی تازہ سیاسی اور فوجی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔دونوں رہنماوں نے شام میں روس کی جانب سے معاشی تعاون اور بڑھتی ہوتی روسی سرمایہ کاری سے متعلق بھی بات کی۔