چھٹا بجٹ پیش کرنا ہماری حکومت کے لئے اعزاز کی بات ہے‘ بجٹ سیشن کے دوران پارلیمنٹ ہائوس میں خدمات سرانجام دینے والے تمام ملازمین کو پانچ بنیادی تنخواہوں کے برابر اعزازیہ دیا جائے گا، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل

جمعہ 18 مئی 2018 15:10

چھٹا بجٹ پیش کرنا ہماری حکومت کے لئے اعزاز کی بات ہے‘ بجٹ سیشن کے دوران ..
اسلام آباد۔ 18 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ چھٹا بجٹ پیش کرنا ہماری حکومت کے لئے اعزاز کی بات ہے‘ معاشی ترقی کا سفر جاری رہے گا اور عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔ جمعہ کو وفاقی بجٹ کی منظوری کے بعد اپنے مختصر خطاب میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ ہماری حکومت نے مسلسل چھٹا بجٹ پیش کیا اور ملک اور قوم کی خدمت کی ہمیں توفیق دی۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ معاشی ترقی کے سفر کے تسلسل کا آئینہ دار ہوتا ہے جو مشکل ضرور ہے مگر سابق وزیراعظم نواز شریف ‘ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے وژن کی وجہ سے معاشی ترقی کا سفر طے کیا ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ آئندہ بھی یہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی تیاری میں ارکان پارلیمنٹ ‘ سپیکر ‘ ارکان سینٹ اور متعلقہ اداروں کے افسران اور عملے کا شکرگزار ہوں جنہوں نے بجٹ کے موقع پر بے مثال تعاون کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی ‘ سینٹ‘ پی ٹی وی‘ پی آئی اے‘ سی ڈی اے‘ اے پی پی‘ ریڈیو ‘ پی آئی ڈی سمیت بجٹ سیشن کے دوران پارلیمنٹ ہائوس میں خدمات سرانجام دینے والے تمام ملازمین کو پانچ بنیادی تنخواہوں کے برابر اعزازیہ دیا جائے گا۔ اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ پچھلی دفعہ اعلان ہونے والے اعزازیہ کی رقم ہمیں ابھی تک فراہم نہیں کی گئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اعزازیہ کی رقم وہ اپنی حکومت کی مدت پوری ہونے سے قبل ادا کرکے جائیں گے۔