ماہ رمضان میں گرمی کی شدت ; پاکستان میں موجود ایک جادوئی ائیر کنڈیشننگ سرنگ

ڈیرہ اسماعیل خان کے لوگ یہاں موجود اس سرنگ میں ماہ رمضان گزارنے لگے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 مئی 2018 14:30

ماہ رمضان میں گرمی کی شدت ; پاکستان میں موجود ایک جادوئی ائیر کنڈیشننگ ..
ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 مئی 2018ء) : ماہ رمضان کے آتے ہی ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ گرمی کی شدت کے پیش نظر ملک بھر کے نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ۔ ملک بھر میں جہاں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے وہیں پاکستان میں ایک جادوئی ائیر کنڈیشننگ سرنگ بھی موجود ہے جو بغیر کسی اے سی اور پنکھے کے ٹھنڈی رہتی ہے ، سوشل میڈیا پر اس سرنگ کی کافی تصاویر بھی وائرل ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے گاؤں سیدووالی میں جادوئی ایئر کنڈیشننگ سرنگ پائی جاتی ہے۔ جہاں گرمی کے مہینوں میں اہل علاقہ بسیرا کر لیتے ہیں۔ یہاں کے لوگ رمضان کے پورے روزے اسی ٹھنڈی سرنگ میں گزارتے ہیں اور تو اور اس سرنگ میں رہنے کا نہ کوئی خرچ ادا کرنا پڑتا ہے اور نہ ہی کوئی بل بھرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

قدرتی طور پر اس سرنگ میں رہنا اپنے آپ میں ایک ایڈونچر بھی ہے۔

اور اس ایڈونچر کے لیے کسی قسم کے کرائے کی بھی ضرورت نہیں پڑتی۔ اس سرنگ میں درجہ حرارت اتنا کم ہوتا ہے کہ عام آدمی بغیر چادر کے سو بھی نہیں سکتا۔ مقامی لوگ اس سرنگ میں صبح سویرے آتے ہیں اورشام 5 بجے واپس چلے جاتے ہیں۔ جبکہ کئی لوگ تو موسم گرما میں اسی سرنگ میں ڈیرے ڈال لیتے ہیں اور اس قدرتی طور پر ائیرکنڈیشنڈ جگہ پر پُر سکون ہو کر روزے گزارتے ہیں۔

دوسری جانب رمضان المبارک آتے ہی محکمہ موسمیات نے بھی روزے داروں کو خوشخبری سنا دی ، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت گوجرانوالہ، سرگودھا ڈویژن، خیبر پختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان اورکشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ژوب، کوئٹہ ڈویژن میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ملک کے بیشتر وسطی جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، فاٹا اور زیارت میں کہیں کہیں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ بارش پنجاب کے علاقے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں10، قصور04، فیصل آباد02، ،خیبرپختونخوا کے علاقے کالام میں 11، دیر10، بالاکوٹ، رسالپور، لوئر دیر 06، پاراچنار 05، میرکھانی03، کاکول، کوہاٹ 02، کشمیر میں گڑھی دوپٹہ اور مظفرآباد کے مقام پر03 ملی میٹرریکارڈ کی گئی۔گزشتہ روز سب سے زیادہ گرم ترین مقام سبی رہا جس کا درجہ حرارت 45، تربت، مٹھی، چھور، پڈعیدن اور حیدرآباد میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔