Live Updates

رمضان المبارک کاپہلا جمعہ ،

مساجد میں تل دھرنے کی جگہ نہ رہی،سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات اندرونی حصوں میں جگہ کم پڑنے کے باعث مساجد کے باہر صفیں بچھا کر نماز ادا کی گئی،ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعائیں

جمعہ 18 مئی 2018 15:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) رمضان المبار ک کے پہلے جمعتہ المبارک کے موقع پر مساجد نمازیوں سے بھر گئیں ، پولیس کی طرف سے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے، نماز جمعہ کے اجتماعات میں ملک و قوم کی سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے پہلے جمعتہ المبارک کے سلسلہ میں لاہور سمیت ملک بھر کی جامع مساجد میں بڑے بڑے اجتماعات ہوئے جس میں لاکھوں مسلمانوں نے شرکت کی ۔

کئی مساجد میں نمازیوں کے لئے جگہ کم پڑ گئی اور مساجد کے مرکزی دروازوں سے باہر صفیں بچھا کر نماز کی ادائیگی کی گئی ۔ پولیس کی طرف سے نماز جمعہ کے تناظر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔

(جاری ہے)

نمازیوں کو جامع تلاشی کے بعد اندر داخل ہونے دیا گیا جبکہ پولیس کی گاڑیاں بھی مساجد کے اطراف میں پیٹرولنگ کرتی رہیں۔ حساس قرارد دی گئی مساجد کی طرف آنے والے راستوں کو بیرئیر لگا کر بند رکھا گیا جبکہ ان کے اطراف میں پارکنگ بھی ممنوعہ قرار دی گئی تھی ۔

مساجد کی اپنی انتظامیہ کی جانب سے بھی رضاکاروں نے سکیورٹی کے فرائض سر انجام دئیے ۔ نماز جمعہ کے اجتماعات میںملک و قوم کی سلامتی ،امت مسلمہ کے اتحاد ، کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کی آزادی کیلئے بھی دعائیں مانگی گئیں ۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات