ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر کا سستے رمضان بازاروں کا اچانک دورہ ،پھلوں ، سبزیوں کی قیمتوں ‘کوالٹی اور انتظامات کا جائزہ لیا

رمضان بازاروں میں حکومت کی طرف سے دی جانیوالی خصوصی سبسڈی کو ہر قیمت پر عوام الناس تک پہنچائینگے ‘ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر

جمعہ 18 مئی 2018 15:29

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر کا ضلع کے مختلف سستے رمضان بازاروں کا اچانک دورہ ‘پھلوں ، سبزیوں ‘ اشیائے خورونوش کی قیمتوں ‘کوالٹی اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے ریلوے اسٹیشن ‘ماڈل بازار‘ کھڈیاں ‘الہ آباد ‘چونیاں ‘کنگن پور اور پتوکی کے سستے رمضان بازاروں کا دورہ کیااور اشیائے خورونوش کے معیار اور مقدار کو چیک کیا ۔

انہوں نے رمضان بازار وںمیں عوام الناس کو دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے باالخصوص آٹے اور چینی کا ریکارڈ چیک کیا اور عملے کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کی طرف سے دی جانیوالی خصوصی سبسڈی کو ہر قیمت پر عوام الناس تک پہنچائیں ۔انہوں نے یوٹیلٹی سٹور اور فیئر پرائس شاپ پر اشیاء کی مقدار کو مزید بڑھانے کی ہدایت کی تا کہ لوگ زیادہ سے زیادہ اشیاء سستے داموں خرید سکیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے مارکیٹ کمیٹی کے اہلکاروں کو حکم دیا کہ وہ سستے رمضان بازاروں میں اعلیٰ کوالٹی کے پھل اور سبزیوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ ۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایت پر غریب عوام کی سہولت کے کیلئے ضلع بھر میں لگائے گئے رمضان بازاروں میں عوام کی دلچسپی اس بات کی مظہر ہے کہ حکومتی اقدامات در اصل عام آدمی کی سہولت اور ضروریات کو مد نظر رکھ کر کئے جا رہے ہیں تا کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے ۔

عوام کو ناجائز منافع خوروں سے بچانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر عام مارکیٹوں کا دورہ کر کے ناجائز منافع خوروں کے خلاف بھر پور کاروائی کر رہے ہیں ۔ ضلعی انتظامیہ تمام رمضان بازاروں کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہی ہے تا کہ عوام کو سستی اشیاء خورونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :