اسلام آباد ہائیکورٹ نے علی جہانگیر کی بطور سفیر تعیناتی سے متعلق جواب طلب کر لیا ، سماعت 31 مئی تک ملتوی

یہ پالیسی معاملہ ہے، عدالتی دائرہ اختیار میں نہیں آتا، وزارت خارجہ کو اعتراض نہیں تو عدالت کو کیا اعتراض، درخواست گزار ان کی تعیناتی سے متاثر نہیں، آئندہ سماعت پر تعیناتی سے متعلق قانونی نقطہ بتائیں،جسٹس اطہر من الله کے ریمارکس

جمعہ 18 مئی 2018 15:49

اسلام آباد ہائیکورٹ نے علی جہانگیر کی بطور سفیر تعیناتی سے متعلق جواب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مئی2018ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے علی جہانگیر کی بطور سفیر تعیناتی سے متعلق جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 31 مئی تک ملتوی کردی۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں علی جہانگیر کی بطور سفیر تعیناتی کے خلاف درخواست پر سماعت جسٹس اطہر من الله نے کی۔ اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتر اوصاف عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

وکیل درخواست گزار حسن خان ایڈووکیٹ نے بتایا کہ اسی فیصد پروفیشنل اور بیس فیصد نان کریئر ڈپلومیٹ سفیر تعینات ہوتے ہیں۔ نیب کا مطلوب شخص سفیر تعینات نہیں ہوسکتا۔ علی جہانگیر حکومت کے لئے شرمندگی کا باعث بنے ہیں۔ علی جہانگیر صدیقی سفیر بننے کے اہل نہیں جسٹس اطہر من الله نے کہا کہ یہ پالیسی معاملہ ہے اور عدالتی دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ وزارت خارجہ کو اعتراض نہیں تو عدالت کو کیا اعتراض درخواست گزار علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی سے متاثر نہیں۔ آئندہ سماعت پر تعیناتی سے متعلق قانونی نقطہ بتائیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت 31مئی تک ملتوی کردی۔