محکمہ موسمیات کی آئندہ 6 روز تک کراچی میں شدید گرمی کی پیش گوئی ، شہر میں ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری

وزیراعلیٰ سندھ کی سیکریٹری ہیلتھ اور کمشنرکو فون کرکے موبائل اسپتال سروس متحرک کرنے کی ہدایت

جمعہ مئی 15:54

محکمہ موسمیات کی آئندہ 6 روز تک کراچی میں شدید گرمی کی پیش گوئی ، شہر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2018ء) محکمہ موسمیات نے آئندہ 6 روز تک کراچی میں شدید گرمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہر میں ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کردی جبکہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سیکریٹری ہیلتھ اور کمشنرکو فون کرکے موبائل اسپتال سروس کو متحرک کرنے کی ہدایت کر دی ۔ جمعہ کو محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں(آج) ہفتہ تک سمندری ہوائیں منقطع ہونے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

کراچی میں جمعہ کی صبح 10 بجے کراچی کا درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا جب کہ گرمی کی شدت 37 ڈگری محسوس کی گئی ۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کردی جب کہ ہیٹ ویو 6 دن جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے انتظامات کی ہدایت کردی گئی ہے اور کراچی انتظامیہ، کے الیکٹرک،، پی ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کو ایڈوائزری بھیج دی گئی ہے، متعلقہ ادارے پانی اور بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

ترجمان وزیراعلی ہاوس کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سیکریٹری ہیلتھ اور کمشنرکو فون کرکے موبائل اسپتال سروس کو متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے ہدایت دی کہ ہیٹ اسٹروک سینٹر پر ادویات اور ڈاکٹرز کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔