اقربا پروری کا الزام لگانے والوں کو پرفارمنس کے ذریعے جواب دوں گا :امام الحق

جمعہ 18 مئی 2018 16:13

لیسٹر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2018ء) قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپننگ بیٹسمین امام الحق کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کیلئے کھیلتے ہوئے دبا میں آنے کے عادی ہو گئے ہیں اور یہ ممکن ہی نہیں ہے کہ وہ انضمام الحق سے اپنا خون کا رشتہ بدل ڈالیں۔ امام الحق کا کہنا تھا کہ وہ انضمام الحق سے اپنا خون کا رشتہ تبدیل نہیں کر سکتے تاہم وہ تنقید کرنے والوں کے منہ اپنی کارکردگی سے ضرور بند کر سکتے ہیں کیونکہ یہ حقیقت اب تبدیل نہیں ہو سکتی کہ میں ان کا بھتیجا ہوں۔

امام الحق کا کہنا تھا کہ جب انہیں سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے ون ڈے ٹیم میں پہلی بار منتخب کیا گیا تو ان پر بہت زیادہ پریشر تھا لیکن بہترین کارکردگی نے ان کا حوصلہ بڑھا دیا لہذا اب وہ انگلینڈ کیخلاف بہترین پرفارمنس کی جانب دیکھ رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ کسی کو بھی مایوس نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ برس امام الحق نے سری لنکا کیخلاف اپنا ون ڈے کیریئر سنچری کے ساتھ شروع کیا تھا حالانکہ ان کے انتخاب کو سلیکشن کی جانب سے اقربا پروری سے تعبیر کیا گیاتھا۔

حال ہی میں دورہ آئر لینڈ اور انگلینڈ کے لیے جب انہیں فواد عالم کی جگہ ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا گیا تو ایک مرتبہ پھر چیف سلیکٹر انضمام الحق پر اقربا پروری کا الزام عائد کیا گیا تاہم انہوں نے پہلے کینٹ کے خلاف سائیڈ میچ میں نصف سنچری سکور کی اور پھر آئر لینڈ کے خلاف تاریخی ڈبلن ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں160رنز کے ہدف کے تعاقب میں جب پاکستان کی 3وکٹیں محض14رنز پر گریں تو یہ امام الحق ہے تھے جنہوں نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 129رنز کا اضافہ کرکے پاکستان کی جیت میں اہم کردارا دا کیا ۔۔