پوری دنیا میں پاکستانیوں کی گونج ، پاکستانی نژاد برطانوی شہری وورسٹر کے مئیر بن گئے

پاکستانی نژاد برطانوی شہری جبار ریاض کو وورسسٹر کے سب سے کم عمر مئیر بننے کا اعزاز بھی حاصل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 مئی 2018 15:32

پوری دنیا میں پاکستانیوں کی گونج ، پاکستانی نژاد برطانوی شہری وورسٹر ..
لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 مئی 2018ء) : دنیا بھر میں کوئی بھی شعبہ ہو پاکستانی نوجوان ہمیشہ ہی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کردیتے ہیں۔ حال ہی میں ایک برطانوی نژاد پاکستانی شہری جبار ریاض وورسسٹر کے مئیر منتخب ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 40 سالہ جبار ریاض نے بطورڈپٹی مئیر اپنی خدمات 2017ء سے 2018ء تک پیش کیں، جبار ریاض کا تعلق آزاد کشمیر پاکستان سے ہے، انہوں نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز برطانوی کنزرویٹو پارٹی سے کیا۔

اور 2010ء میں کونسلر منتخب ہوئے، لیکن 2013ء میں انہوں نے اس وقت کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون سے کچھ اختلافات پر پارٹی چھوڑی اور لیبر پارٹی میں شامل ہو گئے۔ جبار ریاض کو کم عمر ترین مئیر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

(جاری ہے)

یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ کوئی پاکستانی شہری مئیر شپ کے عہدے پر فائز ہوا ہے بلکہ اس سے قبل 2004ء میں کنزرویٹو پارٹی کے پاکستانی نژاد برطانوی شہری اللہ دتہ بھی مئیر منتخب ہو چکے ہیں۔

مئیر منتخب ہونے پر جبار ریاض نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا، جبار ریاض کی اہلیہ ساجدہ بیگم کا کہنا تھا کہ جبار کی کامیابی ان کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کمینوٹی کی نمائندگی کرنا ایک اعزاز ہے اور جبار اس شہر کے دوسرے مسلمان مئیر ہیں۔ جبار ریاض کے والد محمد ریاض نے کہا کہ چونکہ نوجوانوں کا مستقبل اس شہر اور اس ملک میں ہے لہٰذا ہمیں چاہئیے کہ ہم مزید نوجوانوں کی مقامی سیاست میں آنے کے لیے حوصلہ افزائی کریں، نوجوانوں کو برطانوی پارٹیوں میں شمولیت اختیار کرنی چاہئیے تاکہ وہ آگے چل کر اس ملک اور مسلم کمیونٹی کے لیے کام کر سکیں، جبار ریاض کا کہنا ہے کہ میرا صرف ایک ہی نعرہ ہے کہ نفرت کو نہیں بلکہ پیار کو فروغ دینا چاہئیے۔