سب کے احتساب کیلئے قومی کمیشن بنایا جائے ،

پیپلز پارٹی آج مکمل بیساکھیوں کا سہارا لے رہی ہے، ملک ابرار آج دہشتگردی دوبارہ سرآٹھا رہی ہے تو اس کی ذمہ دار غیر جمہوری قوتیں ہیں ،جنہوں نے نواز شریف کے ہر کام میں روڑے اٹکائے، نواز شریف پر غداری کے الزامات لگانا شرمناک ہے، رہنما (ن) لیگ کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ مئی 16:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رکن قومی اسمبلی ملک ابرارنے کہا ہے کہ قومی کمیشن بنایا جائے جس میں سب کا احتسا ب کیا جائے،،پیپلز پارٹی آج مکمل طور پر پھر چکی ہے اور بیساکھیوں کا سہارا لے رہی ہے، آج دہشتگردی دوبارہ سرآٹھا رہی ہے تو اس کی ذمہ دار غیر جمہوری قوتیں ہیں جنہوں نے نواز شریف کے ہر کام میں روڑے اٹکائے، نواز شریف پر غداری کے الزامات لگانا شرمناک ہے۔

وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف بنائے گئے سارے منصوبے ناکام ہوچکے ہیں۔ نواز شریف کے خلاف اقدامات میں نواز شریف کا نہیں بلکہ خود جمہوریت دشمن قوتوں کو شکست ہو رہی ہے۔ نواز شریف کے والد اور دادا پاکستان بننے کے وقت سے یہاں کاروبار کر رہے ہیں پھر بھی نواز شریف نے اپنا، اپنے پوتوں، اور نواسوں تک کا احتساب کرایا ہے۔

(جاری ہے)

وہ بیگناہ ہونے کے باوجود آج بھی عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں اور جنہوں نے اس ملک کے آئین کو توڑا اس کا کوئی احتساب نہیں کر رہا۔ اگر احتساب کرنا ہے تو پھر سب کا کرنا ہوگا۔ احتساب کے نام پر انتقام قبول نہیں ہے۔ نواز شریف پر غداری کے الزامات لگانا شرمناک ہے، انہوں نے تو پیشکش کی ہے کہ قومی کمیشن بنایا جائے جس میں ان سمیت سب کا احتسا ب کیا جائے۔

نواز شریف نے بینظیر بھٹو کے ساتھ ملکر میثاق جمہوریت کیا جس سے پیپلز پارٹی آج مکمل طور پر پھر چکی ہے اور بیساکھیوں کا سہارا لے رہی ہے۔ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کا آغاز کیا جس میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کی گئیں۔ آج اگر دہشتگردی دوبارہ سرآٹھا رہی ہے تو اس کی ذمہ دار غیر جمہوری قوتیں ہیں جنہوں نے نواز شریف کے ہر کام میں روڑے اٹکائے۔