نیٹومیں جرمنی کے کم دفاعی اخراجات پر ٹرمپ کی جانب سے پھر تنقید

دیگر کچھ ممالک بھی نیٹو سے وعدے کے مطابق دفاعی شعبے میں طے شدہ سرمایہ خرچ نہیں کر رہے،گفتگو

جمعہ مئی 16:35

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر جرمنی کے دفاعی اخراجات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو کے ایسے ارکان جو وعدے کے مطابق دفاعی اخراجات نہیں کر رہے، ان سے نمٹا جائے گا۔۔جرمن ریڈیو کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بات مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل ڑینس اسٹولٹن برگ سے واشنگٹن میں ملاقات کے دوران کہی۔

انہوں نے اس دفاعی اتحاد میں شامل سات دیگر ممالک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دفاع کے شعبے میں اتنا سرمایہ خرچ کر رہے ہیں، جتنا انہیں کرنا چاہیے۔ان کا تاہم کہنا تھاکہ کچھ ممالک نیٹو سے وعدے کے مطابق دفاعی شعبے میں طے شدہ سرمایہ خرچ نہیں کر رہے، ان کے ساتھ نمٹا جائے گا۔انہوں نے جرمنی کے حوالے سے کہاکہ جرمنی نے اتنا سرمایہ خرچ نہیں کیا، جتنا اسے کرنا چاہیے تھا حالاں کہ وہ اس دفاعی اتحاد سے فائدہ اٹھانے والے چیدہ ممالک میں سے ایک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ خصوصاً جرمنی کو ہر صورت میں قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے دفاع کی مد میں ایک طویل عرصے سے خرچ کیے جانے والے کم سرمایے کے مسئلے کو حل کرنا چاہیے۔دوسری جانب جرمن سیاست دانوں کا اس امریکی تنقید پر جواب یہ ہے کہ جرمنی ترقیاتی اور انسانی بنیادوں پر امداد کے شعبے میں سرمایہ خرچ کرتا ہے اور فقط دفاعی شعبے میں اخراجات کا تخمینہ لگانے کی بجائے، اس سرمایے کو بھی اس مد میں دیکھا جانا چاہیے۔