عوام کی سہولت کیلئے 12مقامات پر رمضان سہولت پوائنٹ قائم

جمعہ 18 مئی 2018 16:30

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے مختلف بازاروں میں 12مقامات پر رمضان سہولت پوائنٹ قائم کر دیے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کی ہیلپ لائن 1052 پر بھی گرانفروشوں کے خلاف شکایات درج کی جا سکتی ہیں۔یہ بات ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے سپین جماعت رمضان سہولت پوائنٹ کے افتتاح کے موقع پر بتائی ۔

ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان، اسسٹنٹ کمشنر محمد مغیث ثنا ء للہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عنایت اللہ خان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے انھوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے بارہ بازاروں میں رمضان سہولت پوائنٹ قائم کر دیے ہیں۔ یہ رمضان سہولت پوائنٹ گھنٹہ گھر، رامداس، شہید آباد، باچا خان چوک، فقیر کلے، بخشو پل، نوتھیہ، سپین جماعت، بدھ بیر، پھندو، سپر ماکیٹ اور بشارت مارکیٹ میں قائم کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

رمضان کے بابرکت مہینے میں یہ سہولت پوائنٹ سہ پہر چار بجے سے رات آٹھ بجے تک فعال رہیں گے اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ محکمہ مال، محکمہ خوراک اور پولیس کے اہلکار بھی ان پوائنٹس پر موجود ہونگے۔ عوامی شکایات پر ان سہولت پوائنٹ پر موجود سٹاف فوری کاروائی کر تے ہوئے گرانفروشوں سے زائد رقم کی واپسی کے ساتھ انکے خلاف کاروائی کر ے گا۔

اس سلسلے میں عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ بازاروں میں گرانفروشوں کے خلاف اس پوائنٹ پر شکایات درج کریںتاکہ گرانفروشوں کے خلاف کاروائی کی جا سکے۔ اس کے سا تھ عوام ضلعی انتظامیہ کی ہیلپ لائن 1052پر بھی شکایات درج کر سکتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے بتایا کہ ماہ رمضان میں خود ساختہ مہنگائی اور گرانفروشوں کی روک تھام کے لیے مارکیٹوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے لیکن اس ضمن میں عوام پر بھی ذمہ داری عا ئد ہوتی ہے کہ وہ گرانفروشی کے خاتمہ کے لیے ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں اور ہیلپ لائن سمیت پوائنٹ پر شکایات درج کریں۔