Live Updates

شہباز شریف کی طرف سے نواز شریف سے بیانیہ نرم کروانے کی بات قوم کے ساتھ ایک بھونڈا مذاق ہے،فردوس شمیم نقوی

جمعہ 18 مئی 2018 17:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی اور ویمن ونگ پی ٹی آئی کراچی کی صدر صائمہ ندیم نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ن لیگ کے نام نہاد سربراہ شہباز شریف کی طرف سے سابق و نااہل وزیر اعظم نواز شریف سے بیانیہ نرم کروانے کی بات قوم کے ساتھ ایک بھونڈا مذاق ہے۔

کیا نام نہاد صدر ن لیگ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنا چاہتے ہیں آج آپ نواز شریف کا انٹرویو کرانے والے کو بڑا دشمن قرار دے رہے ہیں۔ ہم کہتے ہیں ملک کے سب سے بڑے دشمن نواز شریف ہیں جن کا انٹرویو لیا گیا اور انہوں نے بے پر کی اُڑائی۔ انہیں اچھی طرح علم تھا کہ پاکستان کا تعلق ممبئی حملوں سے ثابت کرنے کے لیے ان کی گزشتہ ساکھ کام دے گی اور ان کا ایک بیان ہی ملک کے وقار پر ایک بدنما داغ بن جائے گا۔

(جاری ہے)

اس کے باوجود اگر نواز شریف نے ملک کے وقار اور ناموس کی کوئی پروا نہیں کی تو آج قوم کو شہباز شریف سمیت ن لیگ کی تمام تر قیادت سے لاتعلق ہوجانا چاہئے۔ یہ لوگ پاکستان کے عزت و وقار کے ساتھ کھیل رہے ہیں اور انہیں اس کی ذرّہ بھر بھی پروا نہیں۔ رمضان المبارک میں تو کم از کم ن لیگ کی قیادت کو سچ بولنا چاہئے اور سچ یہ ہے کہ سابق سربراہ ن لیگ نواز شریف نے ملک کے عزت و وقار کو بالائے طاق رکھتے ہوئے محض اپنے ذاتی مفادات کے لیے ایک ایسا بیان جاری کردیا جس سے پاکستان پوری دنیا میں دہشت گرد ملک قرار دیا جانے لگا۔ آج پاکستان کو عالمی برادری میں صفائیاں پیش کرنے کی ضرورت پڑ رہی ہے تو اس کے ذمہ دار صرف اور صرف سابق و نااہل وزیر اعظم نواز شریف ہیں، اور کوئی نہیں۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات