Live Updates

اپنی اربوں روپے کی کرپشن چھپانے کے لیے نواز شریف نے ذاتی مفادات پرقومی مفادات کو قربان کردیا، الیاس شیخ رہنماء پی ٹی آئی سندھ

جمعہ 18 مئی 2018 17:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے سیکریٹری اطلاعات الیاس شیخ نے کہا ہے کہ مفاد پرست ٹولہ آج بھی نواز شریف کا دفاع کرنے میں لگا ہے جبکہ نواز شریف ملک دشمن بیان دے کر اس پر معذرت بھی نہیں کر رہے۔ یہ باتیں انہوں نے پی ٹی آئی سندھ کے عہدیداران کے ایک اہم اجلاس سے بات چیت کے دوران کہیں۔ اس دوران دوا خان صابر، طاہر ملک اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنی اربوں روپے کی کرپشن چھپانے کے لیے نواز شریف نے ذاتی مفادات پرقومی مفادات کو قربان کردیا۔ سابق و نااہل وزیرا عظم نواز شریف یہ بھی نہ سمجھے کہ ملک کاعزت و وقار ذاتی مفادات سے ہمیشہ افضل ہوتا ہے۔ پاکستان کا عالمی برادری میں جو وقار اور عزت ہے ، ساری دنیا اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے لیکن نواز شریف جیسے رہنما اسے خراب کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

تین بار پاکستان کے عوام نے نواز شریف کو وزیرا عظم بنایا لیکن نواز شریف نے عالمی برادری میں پاکستان کا مذاق بنا کر رکھ دیا۔ کیا پاکستان کوئی دہشت گرد ملک ہے جس کے لوگ ممبئی حملوں میں ملوث تھے۔ نواز شریف کے نزدیک اپنے ہی ملک کو دہشت گرد قرار دینا کوئی بات ہی نہیں ہے لیکن جب بات ذاتی مفادات کی آتی ہے تو پوچھنے لگتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا آپ کو اس لیے نکالا گیا نواز شریف، کہ آپ ملکی مفادات کی اہمیت کو نہیں سمجھتے۔

آپ کے لیے ذاتی مفادات سے بڑھ کر کوئی بات اہم نہیں ہے۔ آپ پاکستان کے وقار و سلامتی کے لیے ایک مستقل خطرہ ہیں۔ شہباز شریف سمیت ن لیگ کی ساری ہی قیادت نواز شریف کا دفاع کرنے میں جت گئی ہے اور کہتے ہیں کہ نواز شریف کی قیادت پر فخر ہے۔ میں کہتا ہوں آپ کو جس قیادت پر فخر ہے، وہ قیادت ذہنی بلوغت کی منزل بھی حاصل نہ کر پائی۔ اسے معلوم ہی نہیں کہ دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلنا ملک کے لیے کیسی کیسی تباہیاں لاتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نواز شریف کے بیان اور اس کے دفاع کرنے والوں کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور ہم پاکستان کے وقار و سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات