ڈپٹی کمشنر سرگودھا کا سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ

جمعہ 18 مئی 2018 17:35

سرگودھا۔18 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ کا علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا،ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے اور نیلامی کی شرائط کی خلاف ورزی پر چھ آڑھتی دھرلئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح سویرے ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کرتے ہوئے سبزیوں و فروٹ کی نیلامی اور ریٹ لسٹوں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عدنان شیراز اور چیئرمین مارکیٹ کمیٹی زاہد اقبال کمبوہ کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے لسٹیں آویزاں نہ کرنے پر چھ آڑھتیوں کو موقع پر گرفتار کرواکر تھانہ اربن ایریا بھجوادیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسی کو بھی گرانفروشی اور من مانی کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جا سکتی ۔

(جاری ہے)

حکومت ِپنجاب ماہ ِصیام کے دوران مارکیٹ کی نسبت ارزاں نرخوں پر اشیائے ضرورت کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔

انتظامیہ حکومت کی ہدایت کے تحت رمضان بازاروں اور عام مارکیٹ میں وافر مقدار میں معیاری سبزیوں اور پھلوں کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ اس ضمن میں تعاون نہ کرنے والے آڑھتیوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ حکومت نے تمام آڑھتیوں اور پھڑیوں کو ریٹ لسٹیں لگانے کا پابند کر دیا ہے معیاراور مقدار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا ۔اس کے علاوہ ریٹ لسٹیں نہ لگانے والے آڑھتیوںاور پھڑیوں کے خلاف بلا امتیاز پرچے درج کر کے انہیں موقع پر گرفتار کر لیا جائے گیا ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ روزانہ سبزی منڈی کے دورے کئے جا رہے ہیں تاجروں کو چاہیے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کر یںاور مصنوعی مہنگائی پیدا نہ کریں ریٹ لسٹیں آویزاں کریں اور قواعد و ضوابط کے مطابق نیلامی کریں، انتظامیہ مڈل مین کے کردار کی حوصلہ شکنی کر کے براہ راست صارفین کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، رمضان بازاروں میں لاکھوں روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے تاکہ عام لوگ عام مارکیٹ کی نسبت سستی سبزیاں اور فروٹ خرید سکیں۔ رمضان بازاروں میں مارکیٹ کمیٹی محکمہ زراعت کے زیر ِاہتمام خصوصی سٹال لگائے گئے ہیں۔ جہاں انتہائی معیاری اشیائے ضرورت عام مارکیٹ کی نسبت انتہائی مناسب ریٹس پر مہیا کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :