کرپشن کیخلاف بولنے سے پہلے مرزا فیملی اپنے اثاثوں میں ہوشربا اضافے کی وضاحت دے‘پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین

جسے پارٹی نے پارلیمنٹ کا سب سے بڑا عہدہ دیا اسے اس طرح کی الزام تراشی زیب نہیں دیتی،فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا آج جو کچھ بھی ہیں آصف زرداری اور پیپلزپارٹی کی بدولت ہیں‘نفیسہ شاہ اور سعید غنی کا ردعمل

جمعہ 18 مئی 2018 17:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین نے فہمیدہ مرزا کی جانب سے الزام تراشی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جسے پارٹی نے پارلیمنٹ کا سب سے بڑا عہدہ دیا اسے اس طرح کی الزام تراشی زیب نہیں دیتی،فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا آج جو کچھ بھی ہیں آصف زرداری اور پیپلزپارٹی کی بدولت ہیں،کرپشن کیخلاف بولنے سے پہلے مرزا فیملی اپنے اثاثوں میں ہونے والے ہوشربا اضافے کی وضاحت دے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ اور سعید غنی نے فہمیدہ مرزا کے ایک نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ جسے پارٹی نے پارلیمنٹ کا سب سے بڑا عہدہ دیا اسے اس طرح کی الزام تراشی زیب نہیں دیتی،جب انہیں پارٹی نواز رہی تھی کیا تب سب کچھ ٹھیک تھا، وہ بدین سے 4 بار رکن منتخب ہوئیں تب علاقے کی محرومی انہیں کیوں یاد نہ آئی، ان کا شوہر طاقتور وزیر تھا تب بدین کے مسائل کیوں حل نہ کیے، ڈلیور کرنے میں ناکامی پر یہ عوام کے سامنے جواب دہ ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرزا فیملی نے جو قرضے معاف کروائے اسے بھی ریکارڈ پر لائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا کہتا تھا تن کے کپڑے بھی آصف علی زرداری کی دین ہیںاب یہ خاندان شہید بی بی کی جماعت اور انکے خاندان پر الزام تراشی پر اتر آیا ہے۔ایک طرف بی بی شہید کا تدکرہ کرتی ہیں تو دوسری طرف انکے دشمنوں سے اتحاد بناتی ہیں۔انکا اتحادی ارباب خاندان بی بی شہید کے خلاف بدزبانی کرتا تھا۔

جبکہ سعید غنی نے کہا کہ فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا آج جو کچھ بھی ہیں آصف زرداری اور پیپلزپارٹی کی بدولت ہیں ، کرپشن کے خلاف بولنے سے پہلے مرزا فیملی اپنے ااثاثوں میں ہونے والے ہوشربا اضافہ کی وضاحت دے۔ انہوں نے کہا کہ بدین کے لوگ پوچھ رہے ہیں مرزا فیملی نے اربوں روپے کے ترقیاتی کام کہاں کروائے،بقول ذوالفقار مرزا انکے بچے جو کھاتے ہیں جو پہنتے ہیں وہ آصف زرداری کا دیا ہوا ہے۔